تازہ ترین

ملتان: تعلیمی و انتظامی تجربے کا اعتراف، ڈاکٹر شبر عتیق این ایف سی کے وائس چانسلر مقرر

ملتان (سٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت کی جانب سے علمی و انتظامی میدان میں ایک نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت ممتاز ماہرِ تعلیم، سائنسدان اور تجربہ کار منتظم پروفیسر ڈاکٹر انجینئر شبر عتیق کو این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (NFC-IET)ملتان کا وائس چانسلر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت حکومتِ پاکستان کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہےجس کے مطابق صدرِ مملکت پاکستان نے اپنے اختیارات کے تحت ڈاکٹر شبر عتیق کو چار سال کے لیے اس اہم منصب پر تعینات کیا ہے۔ ڈاکٹر شبر عتیق کا شمار پاکستان کے ان چند ماہرین میں ہوتا ہے جنہوں نے تعلیم، تحقیق، صنعت اور انتظامیہ چاروں شعبوں میں غیر معمولی خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف لندن سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی مکمل کی جبکہ اس سے قبل یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے میٹالرجی اینڈ میٹریلز میں بی ایس سی انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ ان کی تعلیمی بنیاد مضبوط، بین الاقوامی معیار کی اور تحقیق پر مبنی ہے۔ ڈاکٹر شبر عتیق کا عملی سفر صنعت سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے اتفاق فاؤنڈریز لاہور میں جونیئر انجینئر کے طور پر سٹیل مینوفیکچرنگ، رولڈ پروڈکٹس اور سینڈ کاسٹنگ جیسے اہم شعبوں میں عملی مہارت حاصل کی۔ بعد ازاں امپیریل کالج لندن میں بطور لیبارٹری ڈیمانسٹریٹر خدمات انجام دیں جہاں انہوں نے انڈرگریجویٹ طلبہ کو عملی تعلیم فراہم کی۔ پاکستان واپسی کے بعد انہوں نے پاک سوئس پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کوئٹہ میں بطور وزٹنگ لیکچرر تدریسی خدمات سرانجام دیں، جبکہ پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کوئٹہ میں بطور سینئر اور پرنسپل سائنٹیفک آفیسر تحقیق و ترقی کے متعدد اہم منصوبوں کی قیادت کی۔ معدنیات اور جدید مواد (Advanced Materials) کے میدان میں ان کی تحقیق کو قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل رہا۔ بعد ازاں بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بطور پروفیسر، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانسڈ میٹریلز، پرنسپل یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جیسے اہم عہدوں پر خدمات انجام دیتے ہوئے انہوں نے ادارہ جاتی ترقی، تحقیق کے فروغ اور تعلیمی معیار کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (TEVTA) اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈز کے رکن بھی رہےجہاں ان کی پالیسی سازی میں شمولیت قابلِ قدر رہی۔ ڈاکٹر شبر عتیق اس سے قبل یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر بھی رہ چکے ہیںجہاں ان کا دور اصلاحات، تعلیمی استحکام، تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور نظم و نسق کی بہتری کے حوالے سے یاد رکھا جاتا ہے۔ تعلیمی حلقوں، اساتذہ، طلبہ اور ماہرین نے ڈاکٹر شبر عتیق کی NFC-IET ملتان میں بطور وائس چانسلر تقرری کو ادارے کے لیے ایک نئی امید، مثبت سمت اور روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی قیادت میں NFC-IET ملتان تحقیق، صنعت سے ربط، جدید انجینئرنگ تعلیم اور قومی ترقی میں ایک نمایاں کردار ادا کرے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں