ملتان ایونیو شہر کی نئی شناخت، غیر معیاری مٹیریل برداشت نہیں کیا جائے گا: کمشنر عامر کریم

ملتان(سپیشل رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیرِ صدارت ملتان ایونیو پر پیش رفت بارے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے اس بڑے ترقیاتی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کی گئیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے ماڈل ٹاؤن گیٹ سے میپکو آفس تک کے 1000 فٹ کے گرین کوریڈور کو دسمبر کے آخر تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو میڈینز میں پودے لگانے، میپکو کو بجلی کے کھمبے بروقت منتقل کرنے اور ہائی وے حکام کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق سڑک مکمل کرنے کا حکم دیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے پیرا فورس کو متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ ہائی ویز کو کہا کہ کہ تمام ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیش آنی چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کو گرین کور، جالیوں یا لوہے کی شیٹوں سے مکمل طور پر کور کیا جائے تاکہ گرد و غبار اور خطرات سے بچاؤ ممکن ہو۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تعمیراتی کام اور استعمال ہونے والے میٹریل میں کسی قسم کی کوتاہی یا کم معیار برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام کام اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ کیا جائے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے واسا کو ہدایت دی کہ تمام گرین کوریڈورز کے ساتھ پانی کے کنکشن فراہم کیے جائیںجبکہ خصوصی مینگو آرچرڈ زون بھی قائم کیا جائے گا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق ملتان ایک نئے ترقیاتی دور میں داخل ہو رہا ہے۔ سیدّاں والا چوک سے سہو چوک تک نو کلومیٹر طویل ملتان ایونیو محض چار ماہ کی مدت میں دو ارب اسی کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔منصوبے کے تحت گرد سے پاک سبز کوریڈور، دو سو ساٹھ نئی سٹریٹ لائٹس اور جدید تین لین کشادہ سڑک تعمیر کی جا رہی ہے جو شہریوں کے لیے سفر کو مزید آسان، محفوظ اور روشن بنائے گی۔ برسات کے موسم میں پانی کی نکاسی کے لیے جدید برساتی نالہ نظام اور سولہ فٹ چوڑی سروس لین بھی شامل کی گئی ہیں۔اس منصوبے میں اٹھارہ کلومیٹر طویل گرین پارک ویز، 1590 گاڑیوں کی منظم پارکنگ، تفریحی مقامات اور خوبصورتی کے عناصر شامل ہیں جو شہری سہولت اور ماحول دوست ترقی کی نئی مثال قائم کریں گے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ یہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا جدید، سبز اور خوبصورت ملتان کا خواب ہے جو ملتان ایونیو کے ذریعے شہر کی نئی شناخت بن رہا ہے۔واضح رہےکہ ’’قوم‘‘نے ملتان ایونیومنصوبےکی تعمیرمیں ناقص میٹریل کے استعمال کی نشاندہی کی تھی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں