ملتان (وقائع نگار) ملتان ایئرپورٹ پر شراب اور انجکشن کی سمگلنگ کا دھندا نہ رک سکا۔ شراب کے سمگلروں کو ملتان ایئرپورٹ پر وی آئی پی پروٹوکول ملنے لگا۔ لاہور اور کراچی کے سمگلروں نے بھی ملتان ایئرپورٹ کا رخ کر لیا تفصیل کے مطابق چیف کلکٹر اور کلکٹر کے سخت احکامات کے باوجود ملتان ایئرپورٹ پر شراب اور بھینسوں کو لگانے والے انجکشن بوسٹن کی سمگلنگ کا دھندا نہ رک سکا چند روز قبل قطر سے آنے والا مسافر ذاکر محمود شراب کی بڑی کھیپ لیکر ملتان ایئرپورٹ پر آیا لیکن اس کے خلاف صرف تین بوتل کا کیس بنا کر باقی شراب کے ساتھ اسے وی آئی پی پروٹوکول دے کر ایئرپورٹ سے باہر باحفاظت نکال دیا گیا اسی طرح تین روز قبل ابو ظہبی سے آنے والی پرواز 335_ L3 _ سے آنے والا ارجنٹائن کا رہائشی مسافر والو ڈیویلر بھی شراب کی بھاری کھیپ کے ساتھ ملتان ایئرپورٹ پر اترا تو اسے بھی صرف دو بوتل کا کیس بنا کر باقی شراب کی کھیپ کے ساتھ وی آئی پی پروٹوکول دے کر ایئرپورٹ سے باہر نکال دیا گیا شراب کے ساتھ ساتھ جب سے لاہور ایئرپورٹ پر حساس اداروں کی رپورٹ پر پانچ کروڑ مالیت کے 15 ہزار انجکشن پکڑے گئے تھے تو سمگلروں نے لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹ چھوڑ کر ملتان ایئرپورٹ کا رخ کر لیا ہے جس میں قابل ذکر سمگلروں میں مہدی عباس ، اشفاق اور ادریس چھینہ قابل ذکر ہیں ۔اس وقت سب سے زیادہ سمگلنگ کا دھندا دن میں آنے والی فلائٹس پر ہو رہا ہے جس کا انچارج گزشتہ کئی سالوں سے پنجاب کے مختلف ایئرپورٹس پر ڈیوٹی کرنے والا سپرنٹنڈنٹ ہے جو اس وقت ڈپٹی کلکٹر ملتان ایئرپورٹ قرۃ العین رامے کا خاص چہیتا بنا ہوا ہے جو سمگلروں سے پیسے اکٹھے کر کے ڈپٹی کلکٹر قرۃ العین رامے کے ذاتی ڈرائیور کو دے دیتا ہے۔ سمگلنگ کی راہ میں رکاوٹ بننے والے چند اہلکاروں کو ملتان ایئرپورٹ سے ٹرانسفر کر دیا گیا ہے جبکہ ایک اور ایماندار انسپکٹر کنور طلحہ کو بھی وارننگ دے دی گئی ہے کہ اگر اس نے بھی سمگلنگ کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کی تو اسے بھی ملتان بدر کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے جب ڈپٹی کلکٹر قرۃ العین رامے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن سے آنے والا رہائشی چونکہ غیر ملکی تھا اس لیے اسے گرفتار نہیں کیا گیا جب کہ ذاکر محمود کے بارے میں انہوں نے کہا کہ چند بوتلوں کے پیچھے گرفتار کرنا نہیں بنتا۔







