ملتان(کرائم رپورٹر)القریش ہوٹل میں کمسن ملاز م کو مرغا بنا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے اور دوسرے ملازمین پر خوف و ہراس پھیلانے کے لئے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے پانچ ملزمان کے خلاف نیو ملتان پولیس نے مقدمہ درج کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا،دو ملزمان موقع سے فرار،گرفتاری کے لئے چھاپےمارے جارہے ہیں،جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شاہ جمال کا رہائشی کمسن محمد ضرار نیو ملتان میں القریش ہوٹل گھنٹہ گھر چوک کی دوسری برانچ روایت بائی القریش ہوٹل میں ملازمت کرتا ہے۔ گزشتہ سے پیوستہ روز ہوٹل میں موجود دیگر ملازمین آصف،زین رحمان،شاہد علی،عثمان اور محمد حسنین سے اسکی معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر مذکورہ ملازمین نے ہوٹل منیجر سے مبینہ طور پر ملی بھگت کرکے محمد ضرار پر موبائل چوری کا جھوٹا الزام لگاتے ہوئے اسے مرغا بنا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا،ملزمان نے دیگر ہوٹل ملازمین پر خوف و ہراس پھیلانے کے لئے کمسن ملازم کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کی ویڈیو بھی بنائی اور سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایس ایچ او نیو ملتان ذوالفقار خان کی سربراہی میں پولیس ٹیم تشکیل دی جنہوں نے پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تین ملزمان محمد آصف،زین رحمان اور شاہد علی کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جنکی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔ایس ایچ او نیو ملتان ذوالفقار خان نے’’قوم‘‘ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ زخمی کمسن ملازم محمد ضرار کا میڈیکل کروالیا گیا ہے،رپورٹ آنے پر مقدمہ میں مزید دفعات شامل کی جائینگی۔
