آج کی تاریخ

ملتان: اربوں مالیتی 2 ہاؤسنگ فراڈ، علی اصغر گورمانی، جی ایف ایس کیخلاف نیب گھیرا تنگ

ملتان ( کرائم رپورٹر) احتساب عدالت ملتان نے لیہ سے مسلم لیگ نون کے رکن صوبائی اسمبلی غلام اصغرگرمانی کو 26 جون کو طلب کرلیا۔ علی اصغر خان گرمانی ،فیصل تحسین، اقبال بیگم اور زین مرتضیٰ وغیرہ کی تقریباً 600 کنال اراضی اور گاڑیوں کی فریزنگ کی کنفرمیشن کے لیے احتساب بیورو کی درخواست کی سماعت 26 جون کو متوقع ہے۔ گزشتہ پیشی پرملزمان کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا تھا اور ان کی غیر حاضری لگا دی گئی تھی۔بتایا گیا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی آج کل آذربائیجان کے شہر باکو میں ہیں ۔قومی احتساب بیورو نے ان کے ویزے کی کاپی حاصل کرلی ہے۔ اب خدشہ ہے کہ فیصل تحسین اور زین شاہ بھی بیرون ملک فرار ہو جائیں گے ۔متاثرین کی تعدادمیں روز بروز اضافہ ہورہاہے۔اب تک 400 سے زائد متاثرین نے نیب سے رجوع کیا ہے اور ان کی رقم سوا ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔ نیب کے ذرائع نے بتایا کہ قومی احتساب بیورو نے وزارت داخلہ سے تحریری طور پر استدعا کی تھی کہ اس کیس کے تمام ملزمان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیا جائے اور ان کے تمام بینک اکاؤنٹس فریز کر دیئے جائیں ۔مگر رکن صوبائی اسمبلی نے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتے ہوئے احتساب بیورو کے لیٹر کو فائلوں میں گم کروادیا ہے۔دوسری جانب احتساب عدالت ملتان کے جج جلیل احمدکل پیر کے روزجی ایف ایس سیون ونڈرز سٹی ملتان کیس کی سماعت کریں گے۔قومی احتساب بیورو نے اس پراجیکٹ کے مالکان کے 52 بینک اکاؤنٹس فریز کر دیئے ہیں جبکہ مالکان نے 15 کروڑ روپے کی رقم اور تین جائیدادیں نیب کے حوالے کر دی ہیں۔ استغاثہ کے مطابق عرفان واحد وغیرہ جی ایف ایس سیون ونڈ رزسٹی کے مالکان نے 1500 کنال رقبے پر مشتمل ایک ہاؤسنگ کالونی بنائی اور لوگوں سے درخواستیں اور 38 کروڑ روپے کی ڈاؤن پیمنٹ حاصل کی مگر تحقیق پر پتہ چلا کہ انہوں نے صرف 52 کنال اراضی خرید کی تھی جبکہ مشتہر 1500 کنال کی کالونی کی گئی تھی۔ اس طرح سادہ لوح لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا گیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں