
ملتان ( ایڈیٹر رپورٹنگ) محکمہ صحت کے 700 ڈینگی ورکرز تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور نوکریوں سے فارغ کئے جانے کے خلاف سڑکوں پر آگئے ، متاثرین نے سی ای او ہیلتھ آفس کے باہر دھرنا دیدیا اور شدید احتجاج کیا ، اسسٹنٹ کمشنر ملتان اور سی ای او ہیلتھ کی جانب سے احتجاج ختم کے لئے بار بار کئے گئے مذاکرات بھی ناکام ہوگئے، ورکرز نے احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق محکمہ صحت کے 700 ڈینگی ورکرز کو فارغ کئے جانے اور پانچ ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف گذشتہ روز ورکرز سی ای او ہیلتھ آفس کے باہر جمع ہوگئے اور بھرپور احتجاج کیا ، اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی ۔ ڈینگی ورکرز کا کہنا تھا کہ ان کو تنخواہیں دیئے بغیر اور ویری فیکیشن کرکے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ پانچ ماہ کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں جو کہ ان کا معاشی قتل اور ظلم ہے 8، 10 سال سے ہر ایمرجنسی مہم میں کام کرنے والے ورکرز اب کوئی اور کام بھی نہیں کرسکتے جبکہ گھروں میں نوبت فاقوں پر پہنچ چکی ہے لیکن سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے ان کو فارغ کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں جس کو وہ کسی صورت بھی قبول نہیں کریں گے ۔ ڈینگی ورکرز کے احتجاج پر اسسٹنٹ کمشنر ملتان محمد سمیع شیخ ،سی ای او ہیلتھ آفس پہنچ گئے اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض مستوئی کے ہمراہ مظاہرین سے کافی دیر مذاکرات کرتے رہے ، اس موقع پر ڈی ایچ او ایم ایس ڈاکٹر غلام یاسین صابر اور ڈی ایچ او پی ایس ڈاکٹر ارشد عباس بھی موجود تھے۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر ملتان محمد سمیع شیخ نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض مستوئی اور ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ساؤتھ پنجاب قمر الزمان قیصرانی کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری کیساتھ ان کے آفس جاکر ملاقات بھی کی اور صورت حال سے ان کو آگاہ کیا گیا ۔ اس موقع پر انہوں نے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو ڈینگی ورکرز کی تنخواہیں ادا کرنے اور ان کی ملازمت جاری رکھنے کے حوالےسے ایک لیٹر بھی بھجوایا گیا اور اس بارے ڈینگی ورکرز کو آگاہ کیا گیا کہ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ان کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی جاسکتی اور تنخواہیں بھی ادا کی جائیں گی ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد سمیع شیخ نے بار بار آکر ورکرز کیساتھ بات چیت کی اور کہا کہ ان کے مطالبات سیکرٹری ہیلتھ کو بھجوا دیئے ہیں وہ احتجاج ختم کردیں انتظامیہ متاثرین کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاہم ڈینگی ورکرز قائل نہ ہوئے اور احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ ڈینگی ورکرز کا کہنا تھا کہ وہ رات 9 بجے تک احتجاج جاری رکھیں گے اور آج صبح بروز منگل بھی سی ای او ہیلتھ آفس آکر دوبارہ احتجاج کریں گے اور اس وقت تک نہیں اٹھیں گے جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ۔






