آج کی تاریخ

ملتان ،مشاہد سنٹر غلہ منڈی سمگلڈ اشیا کی باڑہ مارکیٹ ،ایک کروڑ کی چھالیہ پکڑی گئی

ملتان(سٹاف رپورٹر)کسٹم حکام نے ایک مرتبہ پھر مشاہدسنٹرغلہ منڈی کے سمگلروں کی سوا کروڑ روپےکی سمگل شدہ چھالیہ قبضے میں لے لی۔کسٹم انسپکٹر وقاص لغاری نے چھاپہ مارا اور شیرشاہ روڈ سے مال قبضے میں لے لیا ۔ملتان کا مشاہد سنٹر اس وقت سمگلنگ کے ذریعے بغیر ٹیکس و ڈیوٹی ملکی سرحدوں میں داخل ہونےوالےسگریٹ،چھالیہ، ڈرائی فروٹس بادام، خشک دودھ، چینی نمک سمیت متعدد اشیا جن کے پاکستان لانے اور فروخت کرنے پر پابندی ہے یہ تمام سمگل شدہ اشیامشاہدسنٹر میں کھلے عام پڑی ہیں اور کسی بھی سرکاری ادارے کو جرات ہی نہیں کہ مشاہدسنٹر میں انٹری ڈال سکے۔ چند روز قبل تھانہ شاہ شمس نے سمگل شدہ مال کا ایک ٹرک پکڑا جو سمگلر تاجروں کے اس گروہ نے مبینہ طور پر6 لاکھ روپے کی ڈیل کے ذریعے ٹرک اور سارا مال چھڑا لیا ۔یاد رہے کہ کسٹم حکام نے پولیس، وفاقی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے دو سال قبل مصدقہ اطلاعات کی روشنی میں مشاہد سنٹر پر چھاپہ مارا تو وہاں کے تمام دکانداروں نے پولیس ،کسٹم حکام اور مددگار اداروں کی اہلکاروں پر حملہ کر دیا جس کے بعد پولیس اور کسٹم حکام موقع سے فرار ہو گئے اور پھر جو ملازم بھی ان سمگلر تاجروں کے ہاتھ آیا اس کی سب نے دل کھول کر پٹائی کی جس پر 56 افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوا مگر چند ہی دنوں میں چھاپہ مارنے والوں تاجروں کے درمیان معاملات طے پا گئے اور ساری غلط فہمیاں دور کر دی گئیں تو مقدمہ ڈیل کے وزن تلے دب گیا نہ کسی کو ضمانت کرانی پڑی اور نہ ہی کوئی شامل تفتیش ہوا۔ اس کے بعد سے مسلسل ان سمگلر تاجروں اور متعلقہ محکموں کے درمیان مکمل ہم آہنگی جاری ہے اور بین شدہ آئٹمز کے علاوہ سمگل شدہ سامان دھڑلے سے بک رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں