آج کی تاریخ

ملتان:ایک دن میں 70وارداتیں شہری گھروں میں محفوظ نہ باہر،پولیس کی تسلیاں

ملتان( ایڈیٹر کرائم ڈیسک)شہرمیںچوری ،ڈکیتی کی70 سے زائد مختلف وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کے 15 موٹر سائیکلوں ،40 سے زائد موبائل فونز، طلائی زیورات، نقدی، قیمتی سامان اور مویشی جانور سے محروم ہو گئے۔ شہری گھروں میں محفوظ ہیں نہ باہرمحفوظ ہیں۔پولیس متاثرین کوتسلیاں دیتی رہی۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس تھانہ ستیل ماڑی کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے سمیع اللہ کے گھر سے ساڑھے چار لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چور ی کرلی ۔پولیس صدر شجاع آباد کے علاقے سے نامعلوم ملزمان زاہد کے گھر سے پانچ لاکھ مالیت کا سامان اور رضیہ بی بی کے گھر سے تین لاکھ کا سامان چوری کر کے لے گئے۔ پولیس تھانہ بستی ملوک کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے عبدالرحمان کے گھر سے پانچ لاکھ روپے مالیت کے مویشی جبکہ عمران کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات نقدی چوری کر لیے۔ پولیس تھانہ قادر پورراں کے علاقے میں نامعلوم ملزمان میں حق نواز کے گھر سے دو لاکھ روپے مالیت کے مویشی جانور چوری کر لیے۔ سٹی جلال پور کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے صادق کے گھر سے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا۔ پولیس تھانہ بوہڑ گیٹ کے علاقےمیں دو ڈاکوئوں نے خالد محمود سے اسلحہ کے زور پر دو لاکھ پچاس ہزار روپے کی نقدی چھین لی۔ پولیس تھانہ مخدوم رشید کے علاقے میں دوڈاکو ئونے ناکہ لگا کر عمران سے تین لاکھ پندرہ ہزار روپے مالیت کی نقدی موبائل فون جبکہ اکمل سے ہزاروں روپے کی نقدی موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لیا۔ پولیس تھانہ قادر پورراں کے علاقے میں ڈاکو ئوںنے ناکہ لگا کر عاشق ، ذیشان اور سجاد سے اسلحے کے زور پر ہزاروں روپے کی نقدی موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لیا ۔پولیس تھانہ صدر جلال پور کے علاقے میں ڈاکوئوں نے سعید احمد اور رانجھا سے اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکل موبائل فون اور ہزاروں روپے کی نقدی چھین لی۔ پولیس تھانہ نیو ملتان کے علاقے میں ڈاکووئں نے آصف اور ندیم سے ہزاروں روپے کی نقدی اور موبائل فونز چھین لیے۔ پولیس تھانہ شاہ رکن عالم کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے رفاقت اور قمر سے ہزاروں روپے کی نقدی اور موبائل فونز چھین لیے پولیس تھانہ راجہ رام کے علاقے میں ڈاکو نے اعجاز، غلام فرید، فیصل اور اکرم سے اسلحے کے زور پر ہزاروں روپے کی نقدی موٹر سائیکل چار موبائل فونز چھین لیے جبکہ دیگر 40 سے زائد مختلف وارداتوں میں شہری قیمتی موبائل فونز موٹر سائیکلوں زیورات نقدی اور دیگر سامان سے محروم ہو گئے۔ پولیس نے تمام وارداتوں کے مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔دوسری جانب ایم ڈی اے چوک کے قریب شاداب کالونی میں ڈکیتیوں میں روز بروز اضافہ ہونے لگا،گلی نمبر 2 کو ڈاکوؤں نے نشانے پررکھ لیا،ڈاکو گلی میں داخل ہونے والی خواتین یا اکیلے شخص کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیتے ہیں ،وارداتوں میں اضافہ اس حد تک ہو گیا ہے کہ روزانہ ایک یا دو وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ایک ہفتہ قبل ایم ڈی اے چوک سے اپنے گھر آنے والی خواتین کو ایک موٹرسائیکل سوار ڈاکو نےگھر کی دہلیز کے باہر ہی روک کر نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا،آئے روز بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر گلی نمبر 4 میں چند مخیر حضرات نے ایک سکیورٹی گارڈرکھ لیا لیکن ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری کہیں یا پولیس سے مبینہ ملی بھگت گزشتہ روزرات ڈیڑھ بجے بہاولپور سے آنے والی فیملی کو ڈاکوؤں نے اسی گلی میں ہی لوٹ لیا،گلی نمبر 2 میں بھی گزشتہ رات ایک واردات ہوئی جس میں شہری کو لوٹ لیا گیا،مکین تھانے کے جھمیلوں سے بچنے کیلئے پولیس سے رابطہ ہی نہیں کر رہے،گلی میں رہنے والے خوفزدہ ہو گئے ہیں،عوامی سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شاداب کالونی کی تمام گلیوں میں پولیس کا گشت شروع کیا جائے،تمام گلیوں خصوصا ًگلی نمبر 2 میں موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار موجود ہونے چاہئیں تاکہ ڈاکواتنی دیدہ دلیری سے وارداتیں نہ کرتے پھریں۔ قبل ازیں گزشتہ سے پیوستہ روزدوران ڈکیتی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوران فائرنگ تاجر نے ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا جبکہ تین ڈاکو رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق تھانہ مظفر آباد کی حدود میں شیر شاہ روڈ نزد القریش چوک پر نجی کارپوریشن کی دکان پر چار ڈاکو رات گئے دکان میں داخل ہوئے مزاحمت پر فائرنگ کردی ۔جوابی فائرنگ پر تاجر نے ایک ڈاکو کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ دیگر ڈاکو رات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کے لئے نشتر ہسپتال منتقل کرنے کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کر دی ۔واضح ر ہے کہ اس دکان پر دوسری مرتبہ ڈکیتی کی واردات ہوئی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں