ملتان( رضوان شیخ) سی سی ڈی ملتان ڈویژن کے سربراہ ایس ایس پی کامران عامر خان نے کہا ہے کہ عام آدمی کو احساس تحفظ دلانے میں کامیابی تک کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا ہر ممبر دن رات کا فرق ختم کیے ہوئے ہے،حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع کو کرائم کنٹرول فری زون بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں،سی سی ڈی کے خلاف منفی پراپگینڈاکرنے والے عناصر کا عوام از خود محاسبہ کرنے میں مصروف ہیں جس کے باعث ٹیم کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں،ان خیالات کا اظہارانہوںنے روزنامہ قوم سے خصوصی نشت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی سربراہی میں صوبہ کو کرائم سے آزاد کروانے کیلئے یکسوئی سے کام جاری ہےاور پنجاب حکومت کو اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ایس ایس پی کامران عامر خان نے اس حوالے سے انکشاف کیا کہ ملتان ڈویژن کے تمام اضلاع ملتان،لودھراں،وہاڑی اور خانیوال میں جرائم کی شرح میں 70فیصد کمی واقع ہوئی ہےتاہم عام آدمی کو احساس تحفظ دلانے میں مکمل کامیابی کے حصول تک کام کی رفتار اور معیار میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی سی ڈی ٹیمیں اپنے کام پر مکمل توجہ سے مصروف ہیں اور عوام اس بارے خود جج ہیںجبکہ منفی پراپگینڈامیں مصروف عناصر کا بھی عوام محاسبہ کر رہےہیںجس سی سی ڈی ٹیم کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔سی سی ڈی اپنے کام سے عام آدمی کو ساتھ جوڑنے میں کامیاب رہی ہے۔جو افراد بھٹک چکے تھےاور گزشتہ کئی برسوں سے جرائم سے دور ہو چکے تھے انکو سی سی ڈی سے کوئی پریشانی نہیںہوگی کیونکہ نفرت جرم سے ہوتی ہے انسان سے نہیں۔سی سی ڈی کی خفیہ ٹیمیں دن رات محنت کر کے رپورٹس مرتب کرتی ہیں جس کی روشنی میں کاروائیاں کی جاتی ہیں۔بری شہرت رکھنے والے قبضہ گروپ،بھتہ خور اور کن ٹٹے جو کہ اسلحہ کے زور پر لوگوں کو خوفزدہ کرتے ہیںانہیں نشان عبرت بنایا جائے گاخفیہ طور پر ایسے عناصر کی نگرانی کی جا رہی ہے۔بیرون ملک فرار ہونے والے جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریوں کے لیے بھی خصوصی سیل انٹرپول سے رابطے میں ہےجلد ایسے عناصر کو واپس لا کر پابند سلال کیا جائے گا۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں موجود آئل مافیا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔پولیس سروس آف پاکستان کے ڈی آئی جی احسن یونس میرے آئیڈیل آفیسر ہیںجو کہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔سوشل میڈیا پر غنڈہ کلچر کو بڑھاوادینے سے نئی نسل گمراہ ہورہی تھی اس لیے سی سی ڈی نے اسے اولین ترجیح بنا کر کارروائیاں کیں اور آج سوشل میڈیا پر ایسے عناصر ناموجود ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں دکاندار،ریڑھی والے،ٹھیلے والے بھتہ خوری کا شکار بنتے رہے ہیں جو آج قدرے محفوظ ہو چکے ہیںتاہم پھر بھی اگر انہیں کوئی تنگ کررہا ہے تو پولیس 15 یا سی سی ڈی کی ہیلپ لائن پر مطلع کریں یا بذریعہ خط ہمیں صورتحال سے آگاہ کریں۔کچھ روز سے سی سی ڈی ملتان ریجن کو شکایات موصول ہورہی ہیں کہ بعض نوسر باز افراد سی سی ڈی کانام استعمال کرکے اور اپنے آپ کو سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کا افسر یا نمائندہ ظاہر کرکے شریف شہریوں کو گمراہ کررہے ہیں اور ان کو بلیک میل کرکے اپنی ناجائز ڈیمانڈ پوری کررہے ہیں۔ لہٰذا عوام الناس سے گزارش ہے کہ ایسے دھوکہ باز / نوسرباز مجرمان سے محتاط رہیں ، بغیر تصدیق کیے اپنی ذاتی معلومات کسی کو فراہم نہ کریں۔ اگر سی سی ڈی ملتان ریجن کے نام پر کوئی شخص رابطہ کرتا ہے تو شکوک و شبہات کی صورت میں سی سی ڈی تھانہ جات ، دفاتر یا ہمارے کمپلینٹ نمبر 03041219999 پر اطلاع دیں۔ آپ کی اطلاع ہمارے لیے کار آمدثابت ہوگی۔
