ملتان (وقائع نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں شادی ہالز، ریسٹورنٹس، کریانہ سٹورز، سویٹس یونٹس اور پاپڑ فیکٹریز سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے، 32 لٹر رینسڈ آئل، 20 کلو چائنہ نمک، 20 کلو کھلے مصالحہ جات، 150 ساشے گٹکا، 20 لٹر ملاوٹی مشروبات تلف کر دیئے گئے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق میاں چنوں بائی پاس، جہانیاں بائی پاس، حسینی چوک کچاکھوہ میں 4 میرج ہالز کو کھانوں کی تیاری میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے، کچن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات ہونے اور ورکرز کے میڈیکلز سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 5 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، اسی طرح ٹینکی چوک اور وہاڑی بازار بوریوالا میں 2 بیکریوں کو ٹوٹے انڈوں کا استعمال کرنے، مضر صحت مٹھائی فروخت کرنے پر 55 ہزار روپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔ اس کے علاؤہ ائل کی تبدیلی کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے، فریزر میں ناقص خوراک کی سٹوریج پر 3 فوڈ پوائنٹس کو 70 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ کارروائیاں شالیمار کالونی، خونی برج چوک، پاک گیٹ موسیٰ پاک میں کی گئیں۔ مزید مظفرگڑھ روڈ پر واقع پاپڑ فیکٹری کو پروسیسنگ ایریا میں مکڑیوں کے جالے پائے جانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا عوام تک معیاری خوراک پہنچانے کا مشن جاری رہے گا۔







