اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملکی برآمدات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں مالی سال 2025-26 کے دوران اب تک کی برآمدات اور درآمدات کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ بریفنگ کے دوران مختلف شعبوں کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے اور برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی برآمدات میں اضافے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس لیے ان کے فروغ کو ترجیح دی جائے تاکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔
انہوں نے وفاقی وزراء تجارت، صنعت و پیداوار اور قومی غذائی تحفظ کو ہدایت کی کہ وہ صنعتی اور تجارتی شہروں میں جا کر براہِ راست برآمد کنندگان سے ملاقات کریں۔ وزیراعظم نے کولڈ چین سمیت صنعت و تجارت سے وابستہ دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے صوبوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔







