
ملتان ( ایڈیٹر پولیٹیکل ڈیسک ) چیف ایڈیٹر روزنامہ قوم ملتان میاں غفار احمد نے روزنا مہ قوم کی دوسری سالگرہ پر رپورٹنگ ،نیوز روم، ایڈمن سٹاف کو مبارکباد دی اورانکی پیشہ ورانہ کار کردگی کو سراہا ۔چیف ایڈیٹر میاں غفار احمد نے کہا کہ آج ملک بھر سے روزنامہ قوم کی خبروں کی ستائش کی جا رہی ہے۔ روزنامہ قوم نے کم مدت میں جو ترقی کی ہےوہ اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ قوم نے مظلوم کی حمایت کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے ظالم کو اپنے قلم سے روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرہ اخلاقی طور پر گراوٹ کا شکار ہے۔ ظالم کے ساتھ بیسیوں افراد اسکی حمایت میں آتے ہیں جبکہ مظلوم دادرسی اور انصاف کیلئے تن تنہا آتا ہے۔ ہم نے مظلوم کا ساتھ دینا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے بڑے سرکاری اداروں اور ان کے افسران کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا ہے۔ انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں روزنامہ قوم نے اپنی صحافتی ذمہ داری کو خوب نبھایا ہے اور یہ مشن جاری رہے گا ۔اس موقع پر عمار نعیم شیخ نے روزنامہ قوم کی اشاعت کے دو سال مکمل ہونے پر کارکنان کو مبارکباد دی۔منیجنگ ڈائریکٹر روزنامہ قوم نعیم احمد شیخ نے کہا کہ رواں سال 2025 میں روزنامہ قوم اپنا قوم ڈیجیٹل نیٹ ورک بھرپور تیاری کے ساتھ لانچ کرے گا۔ روز نامہ قوم کی پوری ٹیم کو دوسری سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے روزنامہ قوم اپنے ذاتی مقاصدو فائدے کیلئے نہیں بلکہ معاشرے میں بہتری لانےکیلئے شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں جو بدعنوان عناصر معاشرے کو نقصان پہنچا رہے ہیں ہم ان کی نہ صرف حوصلہ شکنی کریں بلکہ ان عناصر کی اپنے قلم کی طاقت سے بیخ کنی کریں گے۔ نعیم احمد شیخ نے مزید کہا کہ اخبار کے ذریعے ڈرانے دھمکانے کی ہماری پالیسی نہیں ہے۔ بلیک میلنگ پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے میڈیا ورکرز کیلئے دوستانہ ماحول فراہم کیا ہے۔ انہوں نے آخر میں سٹاف کے مسائل سنے اور تجاویز طلب کیں۔ انہوں نے اخبارات کے شعبہ جات کی دو سالہ کارکردگی کو بھی سراہا۔ماہر قانون دان شیخ محمد فہیم ایڈووکیٹ نے روزنامہ قوم کی دوسری سالگرہ کی تقریب کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں روزنامہ قوم کی پوری ٹیم کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ روز نامہ قوم کا یہ اعزاز ہے کہ کم مدت میں دوسرے اخبارات کے مقابلے میں مثبت اور تعمیری صحافت کے ذریعے اپنا مقام بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں برائی کی نہ صرف نشاندہی کی جائے بلکہ اس کے خلاف مؤثر جہاد کیا جائے اور یہ جہاد میاں غفار احمد کی رہنمائی میں جاری رکھا جائے انہوں نے کہا کہ روزنامہ قوم نے اس وقت سفر کا آغاز کیا جب کہا جارہا تھا کہ پرنٹ میڈیا محدود ہوکر رہ گیا ہے لیکن روزنامہ قوم نے جس تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر قلم سچ اور حق لکھنا شروع ہو جائے تو ظالم منہ چھپانے پر مجبور ہو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ روزنامہ قوم مظلوم کی آواز بنا ہوا ہے ہم اس کی مزید ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔ انچارج کمرشل ویجی لینس سوئی گیس جمیل شاہین راجپوت نے اس موقع پرروزنامہ قوم کی دوسری سالگرہ پر چیف ایڈیٹر میاں غفار احمد اور رپورٹنگ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ روزنامہ قوم نے جاندار رپورٹنگ کے ذریعے اپنا آپ منوایا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر قار ئین کو اہم نوعیت اور معلوماتی خبریں پڑھنے کو میسر آتی ہیں۔ ایک خبر پڑھنے کے بعد اس کےفالواپ کا انتظار رہتا ہے۔







