مظفرگڑھ ہسپتال میں ایڈز کا خطرناک انکشاف، غیر معیاری کٹس، مجرمانہ غفلت بے نقاب

خان گڑھ(نمائندہ قوم) مظفر گڑھ کے عوام کے ساتھ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا بھیانک مذاق، ایڈز کے پھیلاؤ کا خطرہ، کوٹ ادو میں نجی ہسپتال میں داخل ہونے والے ایڈز کے مریض آصف مبین کے ضلعی صدر ہسپتال مظفرگڑھ میں بھی داخل ہو کر ڈائیلسز کرانے کا انکشاف ، ڈائیلسز سنٹر مظفرگڑھ میں اس کے بعد ڈائیلسز کرانے والے مریضوں کی زندگیوں کو خطرہ ، ایڈز کا خطرہ پیدا ہو گیا ۔ مریضوں کے لواحقین اور سول سوسائٹی کا اعلیٰ سطحی انکوائری کرانے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ، اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ ضلع مظفر گڑھ کے سب سے بڑے ہسپتال میں غیر معیاری اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے غیر منظور شدہ ایڈز کے ٹیسٹ کے لئے استعمال ہونے والی سکریننگ کٹس کا استعمال کیا جاتا رہا۔ جس کے باعث ایڈز کے مریض کی شناخت نہیں ہو سکی ۔ ضلعی صدر ہسپتال مظفرگڑھ کے ریکارڈ کے مطابق ایڈز میں مبتلا شخص آصف مبین 17 ستمبر کو ضلع صدر ہسپتال مظفرگڑھ میں آئی سی یو وارڈ میں داخل ہوا تھا ۔ اور وہیں سے اسے ڈائیلسز وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا ۔ اس مریض کا مظفرگڑھ ہسپتال میں ڈائیلسز ہوا جسے پتھالوجسٹ ڈاکٹر راشد نے رپورٹ نہیں کیا تھا جبکہ 19.09 2025 کو سیریل نمبر 987 پر ڈائیلسز کرانے کے لیے کوٹ ادو کے نجی ہسپتال میں داخل ہوا۔ جس کی بلڈ سکریننگ کی گئی مگر پتھالوجسٹ ڈاکٹر راشد کی مبینہ مجرمانہ غفلت کے باعث اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹ کی مبینہ نااہلی کی وجہ سے ایڈز کے مرض میں مبتلا شخص کا ڈائیلسز کیا جاتا رہا ۔ ضلعی صدر ہسپتال مظفرگڑھ میں ایڈز کے مریضوں کی شناخت اور سکریننگ ٹیسٹ کے لیے خریدی جانے والی کٹس کے غیر معیاری ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مالی سال 2025،2026 کا ٹینڈر جیتنے والی فرم سے کٹس خریدنے کی بجائے اپنی من پسند فرم سے ای پیڈ کے ذریعے غیر منظور شدہ کٹس خرید کر مظفر گڑھ کی عوام کے ساتھ ظلم کیا گیا۔ایم ایس ضلعی صدر ہسپتال مظفر گڑھ نے مبینہ طور پر مال بنانے کے لیے یہ کام کیا ۔ہسپتال کے ڈائیلسز وارڈ پر بھی شکوک وشبہات کا اظہار کیا گیا ۔یاد رہے کہ ضلع کوٹ ادو کے ہسپتال میں ایڈز کا سامنے آنا والا مریض آصف مبین کا ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف پہلی مرتبہ مظفر گڑھ ہسپتال سے ہوا۔۔جس کی بنا پر ڈی سی کوٹ ادو نے کارروائی کرتے ہوئے ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹ ادو کو عہدہ سے ہٹا دیا تھا اور کوٹ ادو کے پرائیویٹ ہسپتال سٹی ہسپتال کے ڈائیلسز ٹیکنیشن کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔واضح رھے کہ کچھ عرصہ قبل ملتان کے نشتر اسپتال میں ڈائیلسز کے کئی مریضوں میں ایڈز کا انکشاف ہوا تھا اور حکومت نے غفلت برتنے والے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سخت سزائیں دی تھیں۔ دوسری طرف ضلعی صدر ہسپتال مظفر گڑھ میں معاملات سے پردہ اٹھانے پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن مظفر گڑھ نے اس سنگین نوعیت کے معاملے کو دبانے پر ذور لگا رکھا ہے ۔ جبکہ شہریوں ، سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ خدارا مظفرگڑھ ، کوٹ ادو ضلع کی عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس معاملے میں مبتلا کرداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔تاکہ زندگی اور موت سے لڑتے ڈائیلسز کےباقی غریب مریضوں کو ایڈز جیسے موذی مرض سے بچایا جا سکے۔ اس حوالے سے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی مظفرگڑھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ سے موقف کے لیے بار بار رابط کیا گیا مگر وہ رابطے میں نہیں آ سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں