مظفرگڑھ (بیورو رپورٹ )ستھرا پنجاب مظفرگڑھ کو ہر صورت00 6 ٹن کوڑا کا وزن پورا کرنے کا حکم، سابقہ طریقہ کار برقرار ہے۔ہفتہ کے روزبغیر مٹی اور ریت کے کوڑا اکٹھا کر کے مقررہ وزن پورا کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی کوڑے کا وزن 170 ٹن پرآکر رک گیا۔ ٹی سی پی ایریا کی کھدائی کر کے مٹی سے 600 ٹن وزن پورا کیا گیا جبکہ گزشتہ روز ریت کی برکت سے مطلوبہ وزن دوپہر کو مکمل ہو گیا ۔باوثوق ذرائع کے مطابق ہفتہ کے دن ستھرا پنجاب مظفرگڑھ والوں نے ایمانداری سے واقعی اصل کوڑا اکٹھا کرنے کی کوشش کی مگر سہ پہر تک وزن 170 ٹن پر آکر رک گیا اور فوری طور پر عملے کو ٹی سی پی ایریا کی کھدائی کر کے وزن پورا کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا جو کہ شام چھ بجے کے قریب مٹی ڈال کر پورا کر لیا گیا مگر گزشتہ روز عملے کو ہدایات ملی کہ سابقہ طریقہ کار کے مطابق پی سی بی ایریا کے ریت کے باقی رہ جانے والے ٹیلوں سے ڈمپر اور ٹرالیاں بھر کر اوپر کوڑے کی سجاوٹ کر کے وزن پورا کیا جائے اور ا سے ایل ایف ایس ایریا میں ڈمپ کر دیا جائے۔ ان ہدایات کی روشنی میں ستھرا پنجاب مظفرگڑھ کے عملے نے دوپہر ایک بجے تک 650 ٹن وزن کا کوڑا ڈمپ ایریا میں ڈمپ کر لیا۔ اس دوران مکمل نگرانی بھی کروائی گئی اور عملے کو حکم دیا گیا کہ کوئی شخص تصاویر لینے آئے تو اسے جانے نہیں دینا۔







