مری: ڈونگا گلی میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی اہم فیملی بیٹھک میں سیاسی اور انتظامی معاملات پر مشاورت کی گئی، جس میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریک ہوئے۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ میں توسیع سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ مجوزہ آئینی ترمیمی بل پر قانون سازی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔
ملاقات کے دوران نئے چیئرمین الیکشن کمیشن کی تقرری پر بھی مشاورت کی گئی، جس میں نواز شریف نے زور دیا کہ سیاسی، انتظامی اور آئینی فیصلوں میں اتحادی جماعتوں کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا جائے۔
اس موقع پر نواز شریف نے ہدایت کی کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے جانی و مالی نقصانات کا مکمل سروے کرایا جائے اور متاثرین کو مناسب مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ ان کے نقصانات کا ازالہ ہو سکے۔
