اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے دشمن عناصر کی ایک ناکام سازش قرار دیا ہے، جو ریاست پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صدر نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ پاکستان کے خلاف بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کا حصہ ہے، جس کا ہر سطح پر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین اور لانس نائیک محمد یونس کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ قوم اپنے ان ہیروز کی عظیم قربانیوں پر فخر کرتی ہے، اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
انہوں نے فورسز کی بروقت اور بہادری سے کی گئی جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی عزم کی واضح مثال ہے۔
صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا جلد مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔
