بہاولپور(تحصیل رپورٹر)مریم نواز ہسپتال لال سوہانرا میں جاری ٹھیکیداری نظام عوام کے لیے وبالِ جان بن گیا۔پیسوں کی بچت کے لالچ میں کم ترین تنخواہوں پر نان کوالیفائیڈ اور غیر تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیاگیا۔نااہلی چھپانے کیلئے ہر کونے پر لکھا موجود ہے کہ ویڈیو بنانا منع ہے اگر نظام درست ہے تو ڈر کس چیز کا، لال سوہانرامریم نواز ہسپتال میں جاری ٹھیکیداری نظام عوام کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے۔مبینہ اطلاعات کے مطابق ہسپتال کا ٹھیکیدار چند پیسوں کی بچت کے لالچ میں کم ترین تنخواہوں پر نان کوالیفائیڈ اور غیر تربیت یافتہ عملہ تعینات کر کے قیمتی انسانی جانوں سے سنگین کھیل کھیل رہا ہے۔یہ عمل کھلم کھلا غفلت اور انسانی جانوں کے ساتھ خطرناک مذاق کے مترادف ہے مزید افسوسناک بات یہ ہے کہ اپنی نااہلی اور بدانتظامی کو چھپانے کے لیے ہسپتال میں جگہ جگہ یہ لکھا ہوا آویزاں کر دیا گیا ہے کہ ’’ویڈیو بنانا منع ہے‘‘۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر سچائی اور حقیقت سے اتنا خوف کیوں اگر سب کچھ درست ہے تو پھر عوام کو حقیقت دکھانے سے کیوں روکا جا رہا ہے یہ طرزِ عمل شکوک و شبہات کو مزید گہرا کر رہا ہے۔مریض علاج اور امید لے کر اس ہسپتال کا رخ کرتے ہیں مگر یہاں انہیں علاج کے بجائے نااہلی، بدانتظامی اور بے حسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بنیادی طبی مہارت سے محروم افراد مریضوں کی دیکھ بھال پر مامور ہیں جو کسی بھی لمحے کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتے ہیں۔عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔شہری سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر کس کی سرپرستی میں یہ خطرناک کھیل جاری ہے حکام بالا سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ فوری طور پر اس سنگین غفلت کا سخت نوٹس لیا جائے، ٹھیکیداری نظام کے تحت تعینات نااہل عملے کو فی الفور ہٹایا جائے اور ہسپتال میں مستند،تربیت یافتہ اور ذمہ دار طبی عملہ تعینات کیا جائے۔اگر اس معاملے پر فوری کارروائی نہ کی گئی تو خدانخواستہ کسی بھی قیمتی جان کے ضیاع کی ذمہ داری متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار پر عائد ہو گی۔







