مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی ناکام، بہاولپور منشیات کا گڑھ بن گیا، عورتیں بھی سپلائر

بہاولپور (کرائم سیل) وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے سخت احکامات کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات اور شراب فروشی کا دھندا جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق چھوٹا بندرہ میں ریکارڈ یافتہ اجی چنڑ اپنے گروپ کے ساتھ منشیات فروشی میں ملوث ہے جبکہ کرنا بستی، بہاول چوک اور جعفری ٹاؤن میں سابقہ ریکارڈ یافتہ خواتین پر مشتمل ایک منظم نیٹ ورک سرگرم ہے۔ ان نیٹ ورکس کے مبینہ روابط علاقہ غیر کے منشیات فروشوں اور بعض تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور دفاتر تک بھی پھیل چکے ہیں جس سے نوجوان نسل خصوصاً طلبہ شدید خطرات سے دوچار ہو رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جن منشیات فروشوں میں اجی چنڑ، جنید شاہ، علی شاہ اور وچھے شاہ شامل ہیں، انہوں نے اتنا مضبوط نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے کہ پولیس ان کے خلاف کارروائی میں بے بس نظر آ رہی ہے۔ چند ماہ قبل وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ نے تین یوم کے اندر پورے پنجاب میں منشیات کے خاتمے کا اعلان کیا اور فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں شروع کی گئیںمگر حیران کن طور پر بہاولپور کے یہ منشیات فروش اس کارروائی سے مستثنیٰ رہے، جس کی وجہ سے انہوں نے دوبارہ وسیع نیٹ ورک قائم کر لیا ہے۔تھانہ کینٹ کی حدود میں بھٹہ نمبر 1 اور بھٹہ نمبر 2 میں مبینہ طور پر دو نمبر ولایتی اور زہریلی شراب کی فروخت بھی جاری ہے، جبکہ اسلامی کالونی اور جھانگی والا، باقر پور، ساہلاں ،ویسلاں کے علاقوں میں دیسی شراب کی بھٹیاں چل رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار نشاندہی کے باوجود پولیس کی مؤثر کارروائی نہیں دیکھی گئی۔دوسری جانب ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے بلا تفریق تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ منشیات فروشوں کی موجودگی کی فوری اطلاع تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں، اور وعدہ کیا کہ فراہم کردہ معلومات مکمل طور پر خفیہ رکھی جائیں گی۔ ڈی پی او کے مطابق منشیات نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہیں اور معاشرے کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں، اس لیے پولیس اس ناسور کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور کسی بھی سہولت کار کو نہ بخشا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں