لاہور سے تعلق رکھنے والی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان میں ہونے والی عالمی نمائش ورلڈ ایکسپو 2025 کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہیں نمائش کے اہم پہلوؤں پر ایکسپو ایسوسی ایشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اکی نوکی ماناٹسو نے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے “بہتر زندگی کیلئے مستقبل کے معاشرے کی تشکیل” کے وژن کو سراہا اور عالمی شراکت داری کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ نمائش میں 150 سے زائد جاپانی و بین الاقوامی کمپنیوں نے اسٹالز لگا رکھے ہیں، جن میں صحت، ماحول، سمارٹ سوسائٹی، اور پبلک سروسز سے متعلق جدید ٹیکنالوجیز و نظریات پیش کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا جہاں انہیں گرمجوشی سے خوش آمدید کہا گیا۔ انہوں نے پویلین میں موجود پاکستانیوں اور غیر ملکی سیاحوں سے ملاقات کی اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں شہروں کو جدید منصوبہ بندی کے تحت “فیوچر سٹی” کے تصور پر استوار کیا جائے گا تاکہ شہری سہولیات عالمی معیار کے مطابق فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے ماحول دوست خوراک اور زراعت سے متعلق اسٹال KUBOTO اور دنیا کی سب سے بڑی لکڑی سے بنی عمارت “گرینڈ رنگ” کا بھی دورہ کیا، جو 20 میٹر اونچی اور 61 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے۔
ایکسپو میں دنیا بھر سے ماہرین مستقبل کے سماجی مسائل اور ان کے حل پر تجاویز دے رہے ہیں۔ نمائش کا “تاریک رات میں قوس قزح” کے عنوان سے پیش کیا گیا واٹر اینڈ لائٹ شو بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
