لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں ناجائز قبضوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے خاص طور پر اُن عناصر کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے جو بے سہارا بیواؤں کی جائیدادوں پر قبضے میں ملوث ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ پنجاب بھر میں کیے جانے والے تمام سرکاری فیصلوں پر بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور یہ بھی یقینی ہو کہ کسی بھی شہری کی ملکیت غیر محفوظ نہ رہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں پورے صوبے سے 2919 شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 499 کیسز ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹیوں نے حل کر دیے ہیں۔ مریم نواز نے حکم دیا کہ باقی تمام درخواستوں کو بھی فوری طور پر نمٹایا جائے تاکہ عوام کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ روزانہ DRC اجلاس منعقد کیے جائیں اور ہر کیس کی پیش رفت کی رپورٹ روزانہ وزیراعلیٰ آفس بھیجی جائے۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ پورے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گی۔
وزیراعلیٰ نے Ordinance 2025 کے مکمل نفاذ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو حکومتی اقدامات سے آگاہ رکھنے کے لیے مساجد میں اعلانات کرائے جائیں۔ ساتھ ہی ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں قبضے سے متعلق درخواستیں وصول کرنے کا بھی حکم جاری کیا گیا۔
انہوں نے گجرات، لیہ، حافظ آباد اور دیگر اضلاع میں قبضہ کیسز کے فیصلوں میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ناجائز قبضوں کے کیسز کا تیز رفتار حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس پورے سسٹم کی خود نگرانی کریں گی۔







