لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز سیلاب متاثرین کی خدمت ایک ماں اور بہن کی طرح انجام دے رہی ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر متاثرہ علاقے میں ریلیف سرگرمیوں کو یقینی بنا رہی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز خود موقع پر جا کر سہولیات کا جائزہ لیتی ہیں۔ جہاں کسی انتظامی کوتاہی کی نشاندہی ہوتی ہے، وہ فوری طور پر متعلقہ افسر کو جواب دہ بناتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ تین ہفتوں سے ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر ادارے متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی جذبہ حب الوطنی کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز انسانی ہمدردی کے جذبے سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں، مگر کچھ عناصر سیلاب متاثرین کے نام پر سیاست چمکانے اور سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ایسے لوگ متاثرین کے مسائل اور انسانی جانوں کی اہمیت کو نہیں سمجھتے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ مشکل وقت میں ان کا ساتھ کون دے رہا ہے اور کون ان کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے۔
