اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا ہے کہ اب مذاکرات کا وقت گزر چکا ہے، آئندہ کا ہر فیصلہ صرف عمران خان کی ہدایت پر ہوگا۔
جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے، پی ٹی آئی نے مارچ 2024 میں ہی امیدواروں کے نام فائنل کرلیے تھے اور کوئی بھی نام عمران خان کی مشاورت کے بغیر شامل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر عدالتی فیصلے کے بعد اندازہ تھا کہ نشستوں کی تعداد کم ہو جائے گی، تاہم چھ نشستوں کا حصول ہمارے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرنے والوں کو پارٹی ٹکٹ دینے کی خبریں غلط ہیں، مرزا آفریدی کا نام خود عمران خان نے فائنل کیا، وہ ہمیشہ پارٹی مؤقف کے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ناروا سلوک ختم ہو اور پارٹی کارکنوں اور قیادت کے درمیان ملاقاتیں بحال ہوں، بانی چیئرمین سے ملاقاتوں پر عدالت کے فیصلے موجود ہیں مگر ان پر عمل نہیں ہو رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکن خود چھوڑ کر جاتے ہیں، نکالنا نہیں پڑتا، عمران خان خود جیل سے تحریک کی قیادت کریں گے، اور اب آئندہ کا لائحہ عمل وہی طے کریں گے۔
