کراچی: پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو نے محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند سے متعلق فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
ادارے کے ترجمان کے مطابق ہلال کی پیدائش 25 جون 2025 کو سہ پہر 3 بج کر 32 منٹ پر متوقع ہے۔ 26 جون کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 28 گھنٹے اور 15 منٹ ہو گی، جو رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملک کے ساحلی علاقوں میں سورج غروب ہونے کے بعد چاند کے غروب ہونے تک کا دورانیہ 75 منٹ ہوگا، جو چاند دیکھنے کے لیے انتہائی سازگار حالات پیدا کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر 26 جون کی شام موسم صاف رہا تو چاند کی رویت کے امکانات بہت زیادہ ہیں، اس لحاظ سے یکم محرم الحرام 1447 ہجری بروز جمعہ 27 جون 2025 کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چاند دیکھنے کے لیے 26 جون کی شام ڈی سی آفس کوئٹہ میں طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
