ملتان(سٹاف رپورٹر) ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے سالہا سال سے نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ میں تعینات انسپکٹر مجید نانڈلہ بارے مزید انکشافات ہوئے ہیں کہ شراب اور منشیات فروشوں کی سالہا سال سے سرپرستی کی وجہ سے اس نے اپنے رشتہ داروں پر زندگی اجیرن کر رکھی ہے اور اس کے خوف کی وجہ سے اس کی برادری حتیٰ کہ قریبی رشتہ دار بھی زبردستی اراضی اس کے بتائے ہوئے ٹائوٹوں کے نام ٹرانسفر کرنے پر مجبور ہیں ۔اس کی کزن ڈینٹل ہسپتال کی ڈاکٹر سونیا نے بتایا کہ مجید نانڈلہ نے سالہا سال سے ان کی آبائی زمین پر مسجد بنانے کی راہ میں رکاوٹ ڈالی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر سونیا اور ان کے بھائی7 مرلہ پر واقع مسجد میں توسیع کر کے اسے ایک کنال پر نئی مسجد بنانا چاہتے ہیں جس کے لیے پانچ مرلہ زمین ڈاکٹر سونیا اور پانچ مرلہ ان کے بھائی نے دی جبکہ تین مرلہ ایک اور خاتون نے دی مگر مجیدنانڈلہ نے مسجد کی توسیع نہ ہونے دی ۔ڈاکٹر سونیا نے بتایا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے نارکوٹکس سیل کی ملازمت کی وجہ سے متعدد افراد جن میں سب سے زیادہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لوگ شامل ہیں، اس کا ہر طرح سے تحفظ اور اس کے اشاروں پر کسی کے بھی خلاف مقدمات درج کر دیتے ہیں۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین نے روزنامہ قوم سے رابطہ کر کے حیرت کا اظہار کیا کہ مجید نانڈلہ کے میڈیا سے بہت ہی گہرے روابط ہیں اور صورتحال یہ تھی کہ کئی سال سے ایکسائز کے افسران کو میڈیا مینجمنٹ کے جھانسے میں اس نے دباؤ میں رکھا ہوا تھا مگر آپ نے یہ تاثر ختم کر دیا اور اسے بہت ہی اچھے انداز میں بے نقاب کیا ۔ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین نے بتایا کہ ملتان میں جو لائسنسی شراب کی سپلائی آتی ہے اس کی ایک بوتل سے 30 بنتی ہیں اور جعلی شراب کا سب سے بڑا مرکز ملتان اسی مجید نانڈلہ کی وجہ سے بنا ہوا ہے۔
دوسری جانب عبدالمجید نانڈلہ نے موقف دیتے ہوئے کہا ہےکہ اب تو منشیات کے حوالے سے ایک علیحدہ محکمہ کاؤنٹر نارکوٹکس کنٹرول بن چکا ہے۔ لہٰذا ہمارا اب اس سے کوئی تعلق نہیں۔ جنوبی پنجاب میں اس کے انچارج کرنل ریٹائرڈ وقار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سونیا ان کی دور کی رشتہ دار ہے اور اسے بعض حرکات کی وجہ سے برادری نے خود سے علیحدہ کیا ہوا ہے حتیٰ کہ ان کی بہن فرزانہ بھی ان سے لاتعلق ہے۔ مجید نانڈلہ نے بتایا کہ میں اگلے چند ہفتوں میں ریٹائر ہو رہا ہوں اور مجھے کاؤنٹر ناکوٹکس کنٹرول والوں نے میرے تجربے کی بنیاد پر ملازمت کی آفر کی ہے مگر میں اب مزید نوکری نہیں کرنا چاہتا۔
