اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ ربیع الاول میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کو بھرپور اور شایان شان انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس میں کہی، جہاں انہوں نے بتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) نے اس ہجری سال کو نبی کریم ﷺ کی 1500 ویں سالِ ولادت کے طور پر ’’نبی الرحمہ‘‘ کے عنوان سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ملک بھر میں صوبائی حکومتوں اور نجی سطح پر ’’عشرہ رحمت للعالمین‘‘ کے تحت سیرت اور نعت کی محافل اور تقریبات منعقد کی جائیں گی، جبکہ وزارت مذہبی امور 50 ویں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد کا اعزاز حاصل کر رہی ہے۔
اس سال کانفرنس کا موضوع ’’سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاست کی ذمہ داریاں‘‘ مقرر کیا گیا ہے، جو نوجوان نسل کو سیرت نبوی ﷺ اور اسلامی اقدار سے روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
سردار محمد یوسف نے اعلان کیا کہ کانفرنس کے موضوع پر مقالات لکھنے والے اور سیرت و نعت پر کتب تحریر کرنے والے مصنفین کو انعامات سے نوازا جائے گا، اور منتخب مقالات کو کتابی شکل دے کر پالیسی ساز اداروں اور نوجوان نسل کے لیے محفوظ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور سیرت نگاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، اور اس سال ربیع الاول کے موقع پر اہم ملکی و غیر ملکی مذہبی شخصیات اور سکالرز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
