اسلام آباد: ڈسکوز کے صارفین کے لیے مئی 2025 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سے متعلق نیپرا ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی عوامی سماعت مکمل ہوگئی۔
یہ سماعت چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں منعقد ہوئی، جس میں سی پی پی اے جی کے حکام، بزنس کمیونٹی کے نمائندے، وزارت توانائی کے عہدیداران، صحافیوں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
سماعت کے دوران نیپرا کو بتایا گیا کہ سی پی پی اے جی نے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کروائی ہے، جس کا اطلاق صرف جولائی کے مہینے کے بجلی بلوں پر کیا جائے گا۔
یہ اضافہ ڈسکوز کے تمام صارفین پر لاگو ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین، پری پیڈ میٹر استعمال کرنے والے صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو اس سے استثنا حاصل ہوگا۔
نیپرا نے مزید وضاحت کی کہ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ اتھارٹی نے تمام متعلقہ فریقین کی آرا کا بغور جائزہ لیا ہے اور ڈیٹا کی مزید جانچ کے بعد حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
