آج کی تاریخ

ماحولیاتی آلودگی، موبائل استعمال اور نیند کی کمی، نوجوانوں میں جلدی امراض، کینسر کا سبب

ملتان(عاصمہ نورین سے)ماحولیاتی آلودگی، سٹریس اور رات کو دیر تک جاگنے کے علاوہ موبائل کا غیر ضروری استعمال نوجوانوں کو جلدی مسائل میں مبتلا کرنے کے ساتھ کم عمری میں ہی جلد کی قدرتی پالش کو متاثر کر رہا ہے۔ کریموں کا بے تحاشہ استعمال جلد کے کینسر کا سبب بن رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف ڈرماٹالوجسٹ ڈاکٹر سعدیہ انور نے روزنامہ قوم سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلد سونے اور علی الصبح اٹھنے کے بعد سورج کی قدرتی روشنی کو صبح چھ بجے سے پہلے چہرے پر ڈالنا ایک قدرتی ٹانک ہے جس سے لوگوں نے خود کو محروم کر رکھا ہے۔ لیٹ کھانا بھی جلدی امراض کا ایک بڑا سبب ہے اور اب لوگوں کی توجہ خوراک کی نیوٹریشن ویلیو سے ذائقے کی طرف منتقل ہو چکی ہے جس کی وجہ سے کم عمری میں ہی بچوں کے بال گر رہے ہیں اور بچے جلد امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ آج کل تو رنگ گورا کرنے والے انجکشن اور دیگر جدید علاج آچکے ہیں جو خوبصورتی میں جہاں اضافہ کرتے ہیں وہیں پر اگر کوئی قدرتی یا پیدائشی کمی ہو تو اس کا بھی سد باب کر لیتے ہیں مگر اس قسم کے علاج کے لیے مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اس آلودگی کے ماحول میں دن میں کم از کم تین مرتبہ چہرے کو پانی سے دھونا چاہئے اور گرمیوں میں دوپہر کی دھوپ سے بچا جائے ۔آج کل لوگوں میں وٹامنز کی بہت کمی ہے جس کی بڑی وجہ غیر معیاری خوراک بھی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں