آج کی تاریخ

لوکل گورنمنٹ ملتان میں “ٹھیکہ” سسٹم، زیادہ منتھلی والے سیکرٹری کے پاس زیادہ یونین کونسلیں

ملتان (وقائع نگار) جتنی زیادہ مبینہ طور پر منتھلی، اتنی زیادہ یونین کونسلوں کا چارج ،یونین کونسلوں کے سیکرٹریز نے یونین کونسلوں میں پرائیویٹ آدمی بٹھا کر لوٹ مار شروع کردی۔ اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ ملتان میں یونین کونسل کی تعداد 168 ہے جن میں لوکل گورنمنٹ ملتان کے افسران نے کلرکوں اور سیکرٹری یونین کونسلوں کو 99 یونین کونسلوں کا اضافی چارج دے رکھا ہے جو سیکرٹری زیادہ منتھلی دیتا ہے اسے زیادہ یونین کونسلیں دے دی جاتی ہیں ۔سیکرٹری شیخ عامر کے قصاب پورہ ،اتفاق پورہ، شاہ بیرنگ سمیت 6 یونین کونسلوں کا چارج دے رکھا ہے۔ سیکرٹری شاہد طفیل کے پاس شریف پورہ، شاہ رکن عالم اور نیو ملتان کا چارج عرصہ 15 سالوں سے ہے ۔شاہد طفیل نے اپنی یونین کونسلوں میں پرائیویٹ آدمی بٹھا رکھے ہیں جو برتھ سرٹیفکیٹ ،ڈیتھ سرٹیفکیٹ ،میرج سرٹیفکیٹ اور طلاق نامہ کے ہزاروں روپے وصول کر رہے ہیں۔ اہل علاقہ کی جانب سے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو متعدد مرتبہ شکایات بھی کی گئیں مگر منتھلی جانے کی وجہ سے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اسی طرح سیکرٹری محمد اسلم کے پاس چار یونین کونسلوں حافظ والا، جہاں پور، عنایت پوراور یو سی جہاں پور کا مکمل ٹھیکہ دے رکھا ہے۔ اسلم نے بھی یونین کونسلوں میں پرائیویٹ آدمی بٹھا رکھے ہیں اسلم موتھا کے پاس بیلی شریف ، غازی پور، دراب پور کا چارج ہے۔ سیکرٹری عبد الرزاق کے پاس بیٹ کیج شمالی ، بیٹ کیج جنوبی اور یو سی شبہانی کا ٹھیکہ ہے۔ سیکرٹری خورشید کے پاس یونین کونسل نمبر 34, 35,29,19 سمیت پانچ یونین کونسلوں کا چارج ہے یونین کونسل 35 خورشید احمد نے شہزاد نائب قاصد کو 50 ہزار روپے ماہانہ پر ٹھیکے پر دی ہوئی ہے اسی طرح دیگر یونین کونسلوں میں اپنے پرائیویٹ آدمی بٹھا رکھے ہیں۔ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ تمام سیکرٹری سےمبینہ طورپر منتھلیاں وصول کر رہے ہیں ۔جب اس سلسلے میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ملازمین کی کمی کی وجہ سے سیکرٹریز کو یونین کونسلوں کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں