آج کی تاریخ

لبٹ اور بچھو کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والا خطرناک نیٹ ورک بے نقاب

بہاولپور (سپیشل رپورٹر) ریڈ مرکری فراڈ کے بعد ملک بھر میں’’لبٹ‘‘ اور بچھو کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والا خوفناک نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق اس مکروہ دھندے میں ملوث چند اہم شخصیات کے نام بھی سامنے آئے ہیں جن میں ڈاکٹر حفیظ رامہ پھاٹک، اسحاق اوڈھ، ٹبہ بدر شیر کا سلیم عرف صلا، بستی ریڈاں کا محمد صدیق اور گرڈ سٹیشن سے تعلق رکھنے والے عناصر شامل ہیں۔ یہ سفید پوش گروہ شہریوں کو ارب پتی بنانے کے خواب دکھا کر ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی ہڑپ کر رہا ہے۔ جعل ساز عوام کو یہ جھانسہ دیتے ہیں کہ’’لبٹ‘‘ (عام چھپکلی) اور بچھو بیرونِ ملک کروڑوں روپے میں فروخت ہوتے ہیں اور ان کے جسمانی اجزاسے دوائیاں اور ایٹمی ٹیکنالوجی کا سامان تیار کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تمام دعوے من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ’’لبٹ‘‘محض ایک عام جانور ہے جو دنیا بھر میں پالتو کے طور پر رکھا جاتا ہے جبکہ بچھو کی بھی عالمی منڈی میں کوئی حیثیت نہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ گروہ بااثر افراد کی سرپرستی میں سرگرم ہے، اسی لیے انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر حفیظ رامہ پھاٹک، اسحاق اوڈھ ، سلیم عرف صلا اور محمد صدیق جیسے کرداروں کے نام کھل کر سامنے آنے کے بعد اب مزید چشم پوشی ناقابلِ برداشت ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ’’لبٹ‘‘، ریڈ مرکری یا بچھو کے نام پر کسی بھی سودے بازی سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس یا ایف آئی اے کو دیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں