لاہور: لاہور میں لگاتار 8 گھنٹوں تک جاری رہنے والی شدید بارش نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا، جس کے دوران شہر میں اوسطاً 136 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو حالیہ برسوں کی سب سے زیادہ مقدار ہے۔
اس غیر معمولی بارش کے دوران واسا اور دیگر متعلقہ محکمے مسلسل فیلڈ میں موجود رہے، جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نکاسی آب کے عمل کی براہِ راست نگرانی کی۔ انہوں نے نشتر ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں فوری طور پر نکاسی کے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔
صبح 5 بجے سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے، تاہم واسا کی ٹیمیں مسلسل نکاسی میں مصروف رہیں۔ بارش کے ساتھ ساتھ بجلی کی بار بار بندش نے مسائل میں اضافہ کیا، جسے دور کرنے کے لیے ٹیمیں سرگرم رہیں۔
وزیراعلیٰ نے شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک وارڈنز اور افسران کو سڑکوں پر موجود رہنے کی ہدایات جاری کیں اور یہ واضح کیا کہ بارش کے باوجود شہر کی سڑکوں کو رواں رکھا جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر، جب کہ اقبال ٹاؤن اور پانی والا تالاب کے علاقوں میں 175 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے شہر کا مجموعی اوسط 136 ملی میٹر تک پہنچا دیا۔
