آج کی تاریخ

لاہور میں پلاسٹک کی خالی بوتلیں مشین میں ڈالیں ، پیسے کمائیں

لاہور میں پلاسٹک کی آلودگی کم کرنے کے لیے ایک نیا ماحول دوست منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت شہری اپنی استعمال شدہ خالی پلاسٹک بوتلیں مخصوص ریورس وینڈنگ مشینوں میں ڈال کر گرین کریڈٹ حاصل کر سکیں گے۔ ڈیڑھ لیٹر کی 20 بوتلیں جمع کرنے پر ایک ہزار روپے کا کریڈٹ دیا جائے گا۔
یہ اقدام نجی کمپنی آئی ایس پی انوائرمنٹل سولوشنز اور انٹراٹیک گروپ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جبکہ ورلڈ بینک کی مالی معاونت بھی دستیاب ہے۔ منصوبہ پنجاب کے ادارہ تحفظ ماحولیات کے گرین کریڈٹ پروگرام سے بھی منسلک ہے تاکہ شہری پلاسٹک کو کچرے کی بجائے قیمتی وسیلے کے طور پر استعمال کریں۔
لاہور میں روزانہ تقریباً 500 ٹن پلاسٹک بوتلیں فضلہ بن کر ندی نالوں اور لینڈفل سائٹس پر پھینکی جاتی ہیں، جنہیں اب نئی مشینوں کے ذریعے جمع کیا جائے گا اور فٹ پاتھ یا سڑکوں کی مرمت اور ماحولیاتی اینٹوں کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا۔
مشین کا استعمال انتہائی آسان ہے، صارف بوتلیں مشین میں ڈال کر اپنا فون نمبر درج کرے گا اور بٹن دبا کر اپنا کریڈٹ دیکھ سکے گا، جو موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہوگا۔
ایپ کے ذریعے شہری براہ راست کباڑی کمپنی سے رابطہ کر کے بوتلیں فروخت کر سکیں گے، جہاں کمپنی کا نمائندہ بوتلیں خریدے گا۔ لاہور میں 18 ہزار سے زائد کباڑیوں کا ڈیٹا ایپ میں شامل ہے، جو اپنی آمدنی کے علاوہ گرین کریڈٹ بھی حاصل کر سکیں گے۔
ابتدائی طور پر یہ مشینیں لاہور کی چار نجی جامعات میں نصب کی جا رہی ہیں اور بعد میں عوامی و نجی علاقوں میں توسیع دی جائے گی۔ مشین پاکستان میں تیار کی گئی ہے، جس کی قیمت آٹھ لاکھ روپے ہے اور یہ 25 کلوگرام پلاسٹک ایک ساتھ سنبھال سکتی ہے۔
شہری اس منصوبے کو نہایت مثبت قرار دے رہے ہیں اور امید ظاہر کر رہے ہیں کہ اس سے ماحول کی بہتری اور پلاسٹک آلودگی میں واضح کمی آئے گی۔
مزید برآں، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک “ایکو برکس پلانٹ” بھی قائم کیا گیا ہے جہاں جمع شدہ پلاسٹک سے ماحولیاتی اینٹیں بنائی جائیں گی، جس کی افتتاحی تقریب جولائی میں متوقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ صرف مشینیں نصب کرنے تک محدود نہیں بلکہ شہریوں میں ماحول کے تحفظ کا شعور بیدار کرنے اور پلاسٹک کو قیمتی وسائل کے طور پر اپنانے کا بھی ذریعہ بنے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں