لاہور سے کراچی کے بجائے جدہ پہنچانے پر شہری نے نجی ایئرلائن کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی
کراچی:متاثرہ شہری ملک شاہ زین نے نواز ڈاہری ایڈووکیٹ کے ذریعے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ انجنیئر ہیں اور لاہور سے کراچی پہنچنے والے تھے، مگر نجی ایئرلائن نے انہیں غلطی سے کراچی کے بجائے جدہ پہنچا دیا۔
درخواست میں بتایا گیا کہ شہری کو بغیر پاسپورٹ کے سعودی عرب لے جایا گیا جہاں سعودی حکام نے ان سے پوچھ گچھ کی اور بعد میں انہیں لاہور واپس بھیج دیا۔ اس واقعے کی وجہ سے شہری کو شدید ذہنی اور جسمانی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے تاکہ انسانی اسمگلنگ یا ہیومن ٹریفکنگ کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ ساتھ ہی متعلقہ اداروں کی نااہلی کا بھی نوٹس لیا جائے۔
