لاہور : دماغی سرجری کا عالمی ریکارڈ، پاکستانی ڈاکٹروں کا شاندار کارنامہ

لاہور (عبدالرحمٰن سے)پاکستانی ڈاکٹروں نے دماغ جیسی حساس ترین سرجری میں طب کی دنیا کا ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا اور گھرکی ہسپتال میں ایک خاتون کے دماغ کی 60 رسولیوں کا شعاعوں کے ذریعے کامیاب علاج کیا جو کہ گزشتہ سوا سال سے نارمل زندگی گزار رہی ہے۔گھرکی ہسپتال لاہور کے سائبر نائف ڈیپارٹمنٹ میں 62 سالہ کینسر سٹیج 4 کی مریضہ کو جب لایا گیا تو اس کے دماغ میں 60 Brain Mets یعنی 60 رسولیاں تھیں۔ایسے مریض کے زندہ رہنے کی امید نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔لیکن یہاں کے ڈاکٹرز اور ٹیم نے اس مریضہ کی تمام رسولیوں کا علاج سائبر نائف کی شعاعوں سے کیا اور اب 15 ماہ گزرنے کے بعد بھی وہ خاتون صحت مند ہیں اور اپنے روزمرہ کے امور سرانجام دے رہی ہیں۔اتنی بڑی تعداد میں دماغ کی رسولیوں کا علاج دنیا میں آج تک نہیں کیا گیا۔ اس کی وجہ اتنی بڑی تعداد میں موجود رسولیوں کو ہزاروں شعاعوں کے ذریعے ٹارگٹ کرنے کا پیچیدہ اور مشکل ترین عمل ہے لیکن اس ادارے کی ٹیم نے بڑی محنت اور مہارت سے تمام رسولیوں کو سینکڑوں زاویوں سے شعاعوں کے ذریعے ٹارگٹ کیا اور اس بات کا خیال رکھا کہ دماغ کو بھی کوئی نقصان نہ پہنچے۔ سائبر نائف میں شعاعوں کے ذریعے 2 انچ تک کے کینسر ٹیومر کو کامیابی سے جلا کر ختم کرنے کی صلاحیت ہوتی اور اس میں کامیابی کی شرح %99 ہے۔ سائبر نائف مشین کی لاگت 1 ارب روپے سے زائد ہے اور اسی وجہ سے دنیا میں اس مہنگے ترین علاج پر 1.5 سے 2 کروڑ روپے لاگت آتی ہے لیکن یہ علاج گھرکی ہسپتال لاہور میں مفت مہیا کیا جا رہا ہے۔ توجہ طلب امر یہ ہے کہ اس سے پہلے ورلڈ ریکارڈ 38 رسولیوں کا ہے جو ایک مریض کے دماغ سے نکالی گئی تھی جسے پاکستانی ڈاکٹروں نے کامیابی سے عبور کر لیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں