لال سوہانرا: ایم پی اے کیلئے 2 من دیسی گھی، ڈی ایف او، کنزرویٹر کو ماموں بنانے کا پلان

بہاولپور (کرائم سیل)محکمہ جنگلات لال سوہانرا ڈویژن کی مختلف رینجز میں ری سیڈنگ اور پلانٹیشن کے کاموں میں بڑے پیمانے پر ہیر پھیر اور بلاک افسران اور گارڈوں نے بیلداروں سے کام کروا کر بدلے میں لکڑی چوری کروانے اور جعلی مسٹرول پر تنخواہیں نکلوا کر خود اپنے افسران کے ساتھ مل بانٹ کر ہڑپ کرنے کی خبر روزنامہ قوم میں شائع ہونے کے بعد لال سوہانرا میں سیاسی سفارش پر تعینات ایک بلاک افسر، جس کے پاس رینج آفیسر کا چارج ہے، نے مختلف رینجزمیں اس پراجیکٹ میں کرپشن میں ملوث ملازمین کو بچانے کے لیے اپنے سیاسی تعلقات کا سہارا لے کر ان سے معاملات طے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ اپنے مقامی ایم پی اے (جو اس کا سفارشی ہے) کے قریبی لاہور میں پارٹی عہدیدار کو دو من دیسی گھی پہنچانے کے لیے ملازمین سے دو من دیسی گھی اکٹھا کرنے کا ٹاسک اس بلاک افسر نے ملازمین کو سونپ دیا ہے اور ملازمین کو کہہ دیا ہے کہ’’ڈی ایف او اور کنزرویٹر کو تو میں ماموں بنا دوں گا، باقی لاہور کے معاملات مذکورہ ایم پی اے سنبھال لیں گے‘‘اب یہ دیسی گھی اکٹھا کرنے کا معاملہ ایم پی اے کے نوٹس میں ہے یا نہیں؟ اگر نوٹس میں ہے تو وہ کوئی کارروائی نہیں کریں گے؛ اگر نوٹس میں نہیں تو وہ اس چیز کی انکوائری ضرور کریں گے کہ ان کے نام کو بدنام کر کے جنگلات ملازمین سے دیسی گھی اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ روزنامہ قوم نے نشاندہی کی تھی کہ بلاک افسر وجیہہ الدین اور شہزاد چیمہ جعلی مسٹرول پر بیلداروں کی تنخواہیں نکلوا کر افسران کے ساتھ مل بانٹ کر کھا رہے ہیں۔ جس کی نشاندہی پر کنزرویٹر بہاولپور نے کارروائی کا آغاز کیا تو کرپشن میں ملوث جنگلات ملازمین نے اپنے بچاؤ کے لیے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کر دیے۔جنگلات ملازمین کے اندرونی ذرائع کے مطابق کنزرویٹر اور ڈی ایف او لال سوہانرا کو اس مخصوص لابی نے اپنے جال میں پھنسا لیا ہے جو کرپٹ ملازمین کا تحفظ کرتی ہےاور معطل ہونے کے بعد افسران کو غلط گائیڈ کر کے انہیں بحال کروا دیتی ہے اور انہی کی بیٹوں میں دوبارہ تعینات کروا کر جنگلات کی لکڑی چوری کروانے کی کھلی چھٹی دے دیتی ہے جسکی تفصیلات آئندہ قسط میں شائع کی جائیں گی۔ اسی وجہ سے ابھی تک بیلداروں کی تنخواہیں نکلوانے کی نشاندہی کے بعد تکنیکی بنیادوں پر انکوائری شروع نہیں ہو سکی۔ اینٹی کرپشن اور دیگر خفیہ اداروں نے بھی تحقیقات کا آغاز کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں