ملتان ( عوامی رپورٹر) روزنامہ ” قوم” کی خبر پر ایکشن ، اسسٹنٹ کمشنر کا ریڈر بن کر لوٹ مار کرنے والے پٹواری عاصم شکور سے دونوں مواضعات واپس لے گئے ۔ موضع جہانگیر آباد اور بھینی کا چارج محمد اسلم اور محمد اسحاق کے حوالے کردیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ملتان کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پٹواری محمد عاصم شکور سے پٹوار سرکل بھنی اور جہانگیر آباد کا چارج واپس لے لیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پٹوار سرکل جہانگیر آباد کا اضافی چارج پٹواری محمد اسحاق حلقہ پٹوار طرف دائرہ کے سپرد کر دیا گیا ہے، جبکہ پٹوار سرکل بھنی کی ذمہ داریاں پٹواری محمد اسلم حلقہ پٹوار ڈیرہ محمدی کو ان کے اپنے فرائض کے ساتھ سونپی گئی ہیں۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور تا حکمِ ثانی برقرار رہیں گی۔ انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام عوامی مفاد اور بہتر ریونیو نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کی نقول ڈپٹی کمشنر ملتان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ، تحصیلدار سٹی اور دیگر متعلقہ افسران کو عملدرآمد کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ پٹواری عاصم شکور اے سی سٹی کا ریڈر بن کر اپنا آفس بھاری کمیشن پر پرائیویٹ لوگوں کو ٹھیکہ پر دیا ہوا تھا جس کی روزنامہ قوم کی نشاندہی کی ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اس معاملے کو نوٹس لیتے ہوئے عاصم شکور سے پٹوار سرکلز بھینی اور جہانگیر آباد کا چارج واپس لے لیا ہے ۔







