رحیم یارخان( نمائندہ خصوصی)’’قوم‘‘کی خبر پر چیئرپرسن بہاولپور بورڈ کا نوٹس،علم فروش مافیا کا ’’چوکڑا‘‘ٹوٹ گیا،کلرکوں کی’’ٹرائیکا‘‘کا کنڈیکٹ برانچ اور ڈسپلن برانچ سے انٹر برانچ میں ٹرانسفر کردیا گیا،پی اے کنٹرولر امتحانات کو سسپنڈ کر دیا گیا،کلرکوں کے ٹرائیکا کا ٹرانسفر ہونے کے باوجود امتحانی سنٹروںسےرقم کی وصول کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوسکا،سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بھی کارروائی کی صورت میں وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے تیار ہو گئے،کلرکوں کے ٹرانسفر اور پی اے کے سسپنڈ ہونے کا نوٹیفکیشن ’’قوم‘‘کو موصول ہوگیا۔تفصیل کے مطابق’’قوم‘‘بہاولپور بورڈ میں ہونیوالی کرپشن سامنے لایا تو بورڈ انتظامیہ کو ہوش آیا،عرصہ دراز سےسپرنٹنڈنٹ کنڈیکٹ برانچ ساجد اعجاز،جونئر کلرک نوید علی، ڈسپلن کلرک مجاہد نور،پی اے ٹو کنٹرولر امتحانات انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور حافظ خالد غفورجنوبی پنجا ب کے امتحانی سینٹروں میں سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ لگانے اور ہٹانے کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے،ذرائع نے بتایا کہ ضلع رحیم یارخان سمیت بہاولپور،راجن پور،ڈیرہ غازیخان ،بہاولنگر سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں من پسند افراد کو من پسند امتحانی سنٹرٹھیکے پر دئیے جاتے ہیں اور علم فروش مافیا کا “چوکڑا”جنوبی پنجاب کے امتحانی سینیٹروں کو 1 لاکھ سے ڈھائی لاکھ روپے میں فروخت کر رہے تھے اور دھڑلےسے بوٹی مافیا کا روپ دھارے ہر سیزن میں لاکھوں کروڑوں روپے کی کمائیاں کرنے میں مصروف تھے،ذرائع نے بتایا کہ پی اے تو کنٹرولر امتحانات حافظ خالد محمود بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور کی کنٹرولر امتحانات اسماء طارق کے نام پر لاکھوں کروڑوں روپے کی وصولی کرنے میں ملوث ہیں،جبکہ کنٹرولر امتحانات اسماء طارق تمام تر معاملات سے لاعلم نکلی۔”روزنامہ قوم”میں بہاولپور بورڈ کے علم فروش مافیا کا پردہ چاک کیا تو بہاولپور بورڈ کی انتظامیہ کو ہوش آگیا اور چیئرپرسن بہاولپور نے”قوم”میں بیک ٹو بیک حقیقت پر مبنی خبروں کی اشاعت پر نوٹس لیتے ہوئے سپریٹنڈنٹ کنڈیکٹ برانچ ساجد اعجاز،جونئر کلرک نوید علی، ڈسپلن کلرک مجاہد نور کو ڈسپلن برانچ اور کنڈیکٹ برانچ سے ٹرانسفر کرتے ہوئے انٹر برانچ میں ٹرانسفر کرتے ہوئے کھڈے لائن لگا دیا اور پی اے ٹو کنٹرولر امتحانات انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور حافظ خالد غفور کو نوکری سے سسپنڈ کردیا،انٹر برانچ میں کھڈے لائن لگنے والے کلرکوں ساجد اعجاز،نوید علی اور مجاہد نور اور سسپنڈ ہونے والے پی اے حافظ خالد غفور کی سسپنشن اور کلرکوں کے ٹرانسفر کا نوٹیفکیشن”قوم”کو موصول ہوگیا۔اس حوالے سے ترجمان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری بہاولپور فرخ محمود نے بتایا کہ ڈسپلن برانچ اور کنڈیکٹ برانچ کے کلرکوں مجاہد نور،ساجد اعجاز اور نوید علی کو انٹر برانچ ٹرانسفر کرنے کے بعد انکوائری سٹینڈ کردی ہے جبکہ پی اے ٹو کنٹرولر امتحانات حافظ خالد غفور کو کنٹرولر امتحانات میڈم اسماء طارق کے نام پر طالبعلموں سے امتحانات کے دوران پرچے حل کروانے کی مد میں وصول کی جانے والی رقوم کے سکرین شارٹ منظر عام پر آنے کے بعد چیئرمین پرسن بہاولپور بورڈ کے احکامات پر نوکری سے سسپنڈ کر دیا گیا ہے۔







