
بہاولپور (کرائم سیل) روزنامہ قوم کی تحقیقاتی رپورٹنگ حرف بحرف 100 فیصد درست ثابت ہو گئی۔ اسلحہ برانچ اور ناجائز اسلحہ کے حوالے سے جن امور کی نشاندہی روزنامہ قوم نےکی اسکی تحقیقات کے بعد ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے انچارج اسلحہ برانچ کو تبدیل کر دیا۔لا اینڈ آڈٹ برانچ سے فرخ خلیل کو انچارج اسلحہ برانچ تعینات کردیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بہاولپور اسلحہ برانچ میں جی ایم کافی عرصے سے تعینات تھا جس کی سہولت کاری سے اس وقت بھی بہاولپور میں متعدد اسلحہ ڈیلر بغیر ایس او پیز اور بغیر حفاظتی انتظامات کے اسلحہ کا کاروبار کر رہے ہیں جن سے سابق انچارج اپنا حصہ وصول کرتا تھا۔ اس کے علاوہ کریمنل ریکارڈ یافتہ اور اسلحہ مرمت کرنے والے آرمور بھی دھڑا دھڑ ناجائز اسلحہ کی فروخت کر رہے تھے جبکہ ان اسلحہ ڈیلرز کے کچے کے ڈاکوئوں سے رابطے کی خبریں بھی میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں۔اسی طرح جب کوئی اسلحہ ڈیلر ناجائز اسلحے کی ڈلیوری کے دوران پکڑا جاتا تو تگڑی خدمت کے عوض انچارج اسلحہ برانچ جی ایم کی سہولت کاری سے قانون کو دھوکہ دیتے ہوئے آزاد ہو جاتا تھا۔یاد رہے کہ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے میرٹ کی بالادستی اور عوامی شکایت کے ازالے کیلئےپنجاب کے تمام اضلاع کے انچارج اسلحہ برانچ کو تبدیل کرنے کے احکامات دیئے تھے جس پر جی ایم نے اپنا تبادلہ رکوانےکیلئے سر توڑ کوششیں کی مگر روزنامہ قوم کی تحقیقاتی رپورٹنگ پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے جی ایم کو تبدیل کرتے ہوئے لا اینڈ اڈٹ برانچ سے فرخ خلیل کو انچارج اسلحہ برانچ تعینات کر دیا۔