اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کپتان نے محسن نقوی کو نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد دی اور ہاکی کے کھیل کی بحالی، پرو ہاکی لیگ میں شرکت سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں ہاکی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود، ری ہیب اور دیگر مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہاکی کھلاڑیوں کی میڈیکل اور فٹنس سے متعلق معاملات پی سی بی کی پروفیشنل میڈیکل ٹیم دیکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی کھلاڑیوں کے ویزا مسائل کو بھی حل کیا جائے گا اور پی سی بی کی لوجسٹک ٹیم اس سلسلے میں کھلاڑیوں کو مکمل سہولت فراہم کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کا پرو ہاکی لیگ کے لیے کوالیفائی کرنا ایک بڑا اعزاز ہے، لیگ میں قومی ٹیم کی شرکت کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے ہاکی کے کھیل کو دوبارہ عروج دلانے کے لیے اپنی بھرپور حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
