آج کی تاریخ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اسلام آباد میں دو بے نامی جائیدادیں ضبط کرلیں

اسلام آباد: ایف بی آر کے انسداد بے نامی کمشنریٹ اسلام آباد نے پہلی بار دو بے نامی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ یہ دونوں جائیدادیں پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد میں واقع ہیں۔
ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق، یہ کارروائی بے نامی لین دین ممنوعہ ایکٹ 2017 کے تحت عمل میں لائی گئی اور جائیدادیں حکومت پاکستان کے نام پر منتقل کر دی گئیں۔ تحقیقات اس وقت شروع ہوئیں جب ان جائیدادوں کی ممکنہ بے نامی ملکیت کی نشان دہی ہوئی۔
تفتیش کے دوران ایک خاتون نے انکشاف کیا کہ اس کا قومی شناختی کارڈ ان پلاٹوں کی رجسٹریشن میں ناجائز طور پر استعمال کیا گیا۔ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اور بے نامی عدالتی اتھارٹی بینچ ون اسلام آباد کے فیصلے کے تحت یہ جائیدادیں ضبط کر لی گئیں۔
ایف بی آر کے مطابق حکومت کی بے نامی اثاثوں کے خلاف جاری مہم کے دوران اب تک شیئرز، بینک اکاؤنٹس، گاڑیوں، زمینوں اور عمارتوں پر مشتمل 187 سے زائد مقدمات دائر ہو چکے ہیں۔ بے نامی جائیدادوں کی یہ ضبطی غیر دستاویزی معیشت کے خاتمے اور معاشی سرگرمیوں کو شفاف بنانے کی مہم میں ایک اہم قدم ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں