اسلام آباد: فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری پر بات چیت ہوئی اور چین کی پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چینی نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی، جہاں خطے کی موجودہ صورتحال، سی پیک منصوبوں، اور جیوپولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے تعاون کے عزم کو دہرایا گیا۔ چینی قیادت نے پاکستان کے جنوبی ایشیا میں امن قائم کرنے میں کردار اور پاک فوج کی صلاحیتوں کو سراہا۔
عسکری سطح پر آرمی چیف نے جنرل ژانگ یوشیا، جنرل چن ہوئی اور لیفٹیننٹ جنرل کائی زائی جن سے ملاقات کی۔ انہیں پی ایل اے ہیڈکوارٹرز پر گارڈ آف آنر بھی دیا گیا جو دونوں ممالک کی دوستی اور دفاعی تعلقات کی علامت ہے۔
ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، انسداد دہشتگردی، مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ خاص طور پر ہائبرڈ خطرات اور سرحدی چیلنجز کے خلاف ہم آہنگی اور تعاون کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔
چینی عسکری قیادت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور علاقائی امن میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے سیاسی و عسکری تعلقات کی گہرائی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے مضبوط اشتراک کی اہمیت کا ثبوت ہے۔
