اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت پہلے ہی معرکۂ حق میں شکست کھا چکا ہے، اب وہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند جیسے پروکسی عناصر کے ذریعے پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ چھیڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے شرکاء سے ملاقات اور خطاب کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ “بلوچستان کی ترقی، قومی یکجہتی کی ضمانت ہے۔”
ورکشاپ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے، جن میں پارلیمنٹ کے اراکین، سول سوسائٹی، سرکاری افسران، صحافی، دانشور اور نوجوان شامل تھے۔
فیلڈ مارشل نے خطاب میں واضح کیا کہ جو عناصر ماضی میں معرکۂ حق میں ناکام ہوئے، وہ اب بھی فتنہ پروری کے ذریعے وہی انجام دیکھیں گے۔ انہوں نے بلوچستان کی سماجی اور معاشی ترقی کو پاکستان کے اتحاد و استحکام کا اہم ستون قرار دیا۔
انہوں نے زور دیا کہ پاک فوج دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے محبِ وطن عوام، بالخصوص بلوچ عوام کی حب الوطنی کو کمزور کرنے کی ایک ناکام سازش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی نہ کسی مذہب، نسل یا فرقے کو مانتی ہے اور نہ اس کی کوئی اخلاقی بنیاد ہے، لہٰذا اس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر آواز اٹھانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی اور اجتماعی عزم کے بغیر اس ناسور کا خاتمہ ممکن نہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عالمی اداروں کے ساتھ اشتراک کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مربوط قومی حکمت عملی سے ہی بلوچستان میں دیرپا ترقی ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے پُرعزم ہے، اور ملک کو درپیش کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ قومی وقار اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس نشست کا اختتام آرمی چیف اور شرکاء کے درمیان ایک بھرپور اور آزادانہ سوال و جواب کے سیشن پر ہوا۔
