پاکستانی اداکار فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی بالی ووڈ فلم ’’ابیر گلال‘‘ کی ریلیز کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور اب اس کی ریلیز کی تاریخ بھی سامنے آ گئی ہے۔
فواد خان نے اپنے کیریئر میں ہمیشہ منصوبوں کے انتخاب میں احتیاط برتی ہے۔ انہوں نے ڈرامہ ’’ہمسفر‘‘ سے شہرت حاصل کی، اور کئی ڈراموں اور فلموں میں کام کیا، جن میں پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ بھی شامل ہے۔ بعد ازاں وہ بالی ووڈ میں بھی سرگرم ہوئے، مگر بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد ان کا بالی ووڈ کا سفر رک گیا۔
فواد خان پر یہ پابندی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کے بعد لگائی گئی تھی۔ تقریباً نو سال بعد وہ وانی کپور کے ساتھ فلم ’’ابیر گلال‘‘ کے ذریعے واپسی کرنے والے تھے، لیکن مئی میں پاک بھارت کشیدگی کے باعث فلم کی ریلیز روک دی گئی۔
اس دوران فواد خان کو بھارت کے خلاف واضح موقف اختیار نہ کرنے پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا، جبکہ وانی کپور نے ان کے ساتھ کھینچی گئی تصاویر ڈیلیٹ کر دیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب فلم کی ریلیز کے لیے راہ ہموار ہو چکی ہے۔ فلم کا نام ’’آبیر گلال‘‘ کر دیا گیا ہے اور یہ فلم ’’سردار جی 3‘‘ کی طرح دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، البتہ بھارت میں اسے دکھایا نہیں جائے گا۔ فلم 29 اگست 2025 کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
یہ فواد خان کے لیے خوشخبری ہے جو پہلے ہی فلم کی شوٹنگ مکمل کر چکے ہیں اور اب بین الاقوامی سطح پر اس کی پروموشن میں مصروف ہیں۔
