ملتان(سپیشل رپورٹر) 14 اگست —یومِ آزادی کی ولولہ انگیز اور مسرت آفرین فضا میں منعقد ہونے والی اس باوقار تقریب کا منظر دیدنی تھا، جہاں حب الوطنی کے جذبے،قومی یکجہتی کی رمق اور خالص عقیدت کے رنگ نمایاں تھے۔ اس یادگار موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خان نے شہرِ اولیاء کے نامور صنعت کار، سماجی رہنما اور محسنِ ملتان، چیئرمین ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز چوہدری ذوالفقار علی انجم کو ان کی بے مثال فلاحی، تعمیری اور انسان دوست خدمات کے اعتراف میں ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔یہ اعزاز دراصل ایک شخصیت کی اس دیرینہ مساعی کا اعتراف ہے جس نے معاشرتی بھلائی، غربت کے ازالے، تعلیم کے فروغ اور انسانی وقار کی سربلندی کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے۔ چوہدری ذوالفقار علی انجم کی یہ خدمات نہ صرف ملتان بلکہ پورے خطے کے لیے امید، روشنی اور ترقی کا پیغام ہیں۔کمشنر ملتان عامر کریم خان نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”ایسے محسنینِ ملت ہمارے معاشرے کے درخشاں چراغ ہیں، جن کے کردار اور قربانیاں ہماری اجتماعی تاریخ کا فخر ہیں۔ ان کی موجودگی اس خطۂ ارضی کے لیے کسی انمول نعمت سے کم نہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ ملتان کے عوام حقیقی معنوں میں خوش نصیب ہیں کہ انہیں چوہدری ذوالفقار علی انجم جیسی باعزم، خدمت گزار اور بلند فکر قیادت میسر ہے جو ہر دور میں اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا حوصلہ اور عزم رکھتی ہے۔
