ملتان ( روزنامہ قوم)محکمہ زراعت پنجاب جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے فصلوں کے ضرر رساں کیڑوں کی ڈیجیٹلائزڈ ڈیٹا کولیکشن، سرویلنس اورمانیٹرنگ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے تاکہ اہم فصلوں کے پیداواری اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان نے فصلوں کے ضرر رساں کیڑوں کے کنٹرول، ڈیجیٹلا ئزیشن، مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کے لئے ایشئین ڈویلپمنٹ بینک اور سینٹرفار ایگریکلچر اینڈ بائیو سائنسز انٹرنیشنل (کیبی) کے تعاون سے تیار کی گئی ایپلیکیشن کی لانچنگ تقریب کے موقع پر بطور مہمانِ خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایپلیکیشن کی پائلٹ ٹیسٹنگ فیز میں صوبہ پنجاب کے 22 اضلاع میں کاشتہ کپاس کی فصل پر کیڑوں کی سرویلنس اور مانیٹرنگ کاکام لیاگیا ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے اور ضرر رساں کیڑوں کے کنٹرول میں مدد ملی۔ اس ایپلیکیشن کی آپریٹنگ و مانیٹرنگ محکمہ پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز کی ٹیم نے سرانجام دی اور اس کے ذریعے ایڈوائزری سروسز کاکام بھی لیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ اس ایپلیکیشن کے نتائج کو دیکھتے ہوئے امسال گندم، دھان و دیگر اہم فصلات کی مانیٹرنگ کاکام بھی لیا جائے گا تاکہ ضرررساں کیڑوں کو کنٹرول کرکے فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ پنجاب رانا فقیر احمد نے کہا کہ یہ ایپلیکیشن فصلو ں کے ضرر رساں کیڑوں کے کنٹرول میں معاون ثابت ہوگی۔ اس ڈیجیٹلائزڈ سسٹم کے ذریعے پیسٹ وارننگ کنٹرول کی ٹیمیں کسی بھی علاقے میں فصلوں پر کیڑوں کے حملہ کی صورتحال سے متعلق فوری طور پر رپورٹ کر سکتی ہیں۔ یہ ایپلیکیشن 56 مختلف فصلوں کے ضرررساں کیڑوں کی سرویلنس، مانیڑنگ اور کنٹرول کے لئے استعمال کی جائے گی تاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نمائندہ ایشئین ڈویلپمنٹ بینک نوریکو ساٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرر رساں کیڑوں کے کنٹرول کیلئے آئی سی ٹی کا استعمال وقت کا اہم تقاضا ہے۔ اس ایپلیکیشن کے ذریعے انفارمیشن اور ریمورٹ سینسنگ ٹیکنالوجی کے باہمی اشتراک سے مانیٹرنگ کاکام لیا جائے گا جس سے ضرر رساں کیڑوں کے مربوط انسداد میں مدد ملے گی۔ تقریب میں چیف پلاننگ اینڈ ایویلیویشن سیل رانا محمود اختر، ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ملتان غلام عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور ایشئین ڈویلپمنٹ بینک و کیبی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
