تعلیمی ادارے اپنا انرولمنٹ ریکارڈ جمع کروانے میں ناکام رہے،فارمیسی کونسل آف پاکستان کی طرف سے طلبہ و طالبات کی آگاہی کے لئے پبلک نوٹس جاری
جنوبی پنجاب کے اداروں میںبہاءالدین زکریا یونیورسٹی، ملتان یونیورسٹی آف سائنس، الائیڈ کالج ملتان، انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ایڈوانس سٹڈیز ملتان شامل
امریکن انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جامپور ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، بہاولپور کالج آف فارمیسی کے طلباء و طالبات کو بھی رجسٹریشن متاثرہونے کا انتباہ
انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز خان پور ، کھیڑہ انسٹی ٹیوٹ ملتان، یونیورسٹی کالج ملتان، انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز ملتان، اسلامک انٹرنیشنل ملتان کو ایڈمیشن سے روک دیا گیا
ملتان (سٹاف رپورٹر ) ایجوکیشن مافیا کا قانون کی ڈگریوں کے سکینڈل کے بعد ایک اور گھناؤنا سکینڈل سامنے ا ٓگیا ہے اور فارمیسی کی ڈگریاں کرانے والے پنجاب کے 56 سرکاری اور نجی اداروں کے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ فارمیسی کونسل آف پاکستان کی جانب سے 10 مئی 2024 طلبہ و طالبات کی آگاہی کے لئے جاری شدہ پبلک نوٹس میں فارمیسی کونسل آف پاکستان کے ریگولیشنز 2009 کے مطابق ڈاکٹر آف فارمیسی کی ڈگری کروانے والے پنجاب کے 56 ادارے اپنا انرولمنٹ ریکارڈ جمع کروانے میں ناکام رہے ہیں ان میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اداروں میں بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ملتان، الائیڈ کالج آف ہیلتھ سائنسز جلال کیمپس ملتان، انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ایڈوانس سٹڈیز آف فارمیسی ملتان، امریکن انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جامپور ضلع راجن پور، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، بہاولپور کالج آف فارمیسی بہاولپور شامل سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔ فارمیسی کونسل آف پاکستان کو ان اداروں کی طرف سے انرولمنٹ ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں ان اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ان طلباء و طالبات کی رجسٹریشن متاثر ہو سکتی ہے جس سے ان کی ڈگریوں پر سوالیہ نشان لگ سکتا ہے۔ اس جاری شدہ لیٹر کے حوالے سے ان اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کو فارمیسی کونسل آف پاکستان سے رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے اور طلبہ و طالبات کی سہولت کے لئے رابطہ نمبر بھی دیا گیا ہے جو کہ 0519204191 ہے۔علاوہ ازیں 16 مئی 2024 کو جاری ہونے والے سٹوڈنٹس الرٹ کے مطابق جنوبی پنجاب کے جن اداروں کو ڈاکٹر آف فارمیسی میں ایڈمیشن سے روک دیا گیا ہے ان میں یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز خان پور ، رحیم یار خان ، کھیڑہ انسٹی ٹیوٹ آف ماڈرن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ملتان، یونیورسٹی کالج ملتان، انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز ملتان، اور اسلامک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ملتان شامل ہیں۔