غیر قانونی تارکین وطن کی رضاکارانہ واپسی، ٹرمپ انتظامیہ کی مفت ٹکٹ اور 3 ہزار ڈالر کی پیشکش

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے پر مالی ترغیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی امیگریشن میں کمی لانا بتایا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ غیر قانونی تارکینِ وطن جو سال کے اختتام تک اپنی مرضی سے امریکا چھوڑنے پر آمادہ ہوں گے، انہیں مفت فضائی ٹکٹ کے ساتھ 3 ہزار ڈالر کی نقد رقم فراہم کی جائے گی۔
محکمے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جو تارکینِ وطن CBP Home ایپ کے ذریعے رضاکارانہ واپسی کے لیے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں گے، انہیں سفری سہولت اور مالی امداد دی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اسکیم کے تحت دی جانے والی رقم کو پہلے ایک ہزار ڈالر سے بڑھا کر اب تین ہزار ڈالر کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے پر آمادہ ہوں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جبری بے دخلی کے اخراجات میں کمی آئے گی اور امیگریشن نظام پر دباؤ بھی کم ہوگا، جبکہ تارکینِ وطن کو باعزت انداز میں واپسی کا موقع ملے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں