غلہ منڈی اور مشاہد سنٹر پر چھاپہ 40 کروڑ کا سمگلڈ سامان بر آمد، کسٹمز ٹیم پر حملہ، پتھراؤ

ملتان (وقائع نگار) کسٹمز کی بڑی کارروائی، غلہ منڈی اور مشاہد سنٹر پر چھاپہ، 40 کروڑ سے زائد مالیت کا سمگل شدہ سامان برآمد تفصیل کے مطابق پاکستان کسٹمز کی انسداد سمگلنگ ٹیم نے شہر کے اہم تجارتی مراکز غلہ منڈی اور مشاہد سنٹر پر مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 40 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سمگل شدہ غیر قانونی سامان برآمد کیا ہے۔ یہ کارروائی کسٹم انسپکٹرز کی ایک ٹیم نے پولیس کی مدد سے انجام دی جس میں غیر ملکی سگریٹس، انڈین چھالیہ، انڈین زیرہ، ویب، شیشہ فلیور، خشک دودھ اور چائنیز نمک سمیت بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈ اشیاء شامل تھیں۔کارروائی کے دوران کسٹمز افسران انسپکٹر شہریار، انسپکٹر راؤ طارق، انسپکٹر آصف اقبال، انسپکٹر صداقت، انسپکٹر مدبر بخاری، انسپکٹر آصف رفیق سندھو، انسپکٹر طاہر اقبال، انسپکٹر راؤ محمد سلیم اور انسپکٹر حماد خان نے مل کر یہ ریڈ کیا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق برآمد ہونے والے سامان کی مالیت 40 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔جن میں سے 26 کروڑ 25 لاکھ روپے کے سگریٹ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق جب کسٹمز ٹیم نے چھاپہ مارا تو سمگلنگ میں ملوث تاجر شیخ اصغر، حاجی توصیف، عجب خان، علی قریشی اور شاہد عالم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ٹیم پر پتھراؤ کر دیا۔ صورتحال قابو میں لانے کے لیے پولیس کو طلب کیا گیاجس پر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔کسٹمز حکام نے فوری طور پر سمگل شدہ تمام سامان کو ڈالوں میں لوڈ کرکے ویئر ہاؤس منتقل کر دیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔یہ کارروائی پاکستان بھر میں جاری اسمگلنگ کے خلاف مہم کا حصہ ہے، جہاں کسٹمز ملتان سمیت مختلف شہروں میں غیر قانونی تجارت اور ٹیکس چوری کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ ایسے سمگل شدہ سامان سے نہ صرف قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے بلکہ مقامی صنعت اور صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔کسٹمز حکام نے کہا ہے کہ سمگلرز کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں