اسرائیلی فضائی حملے: غزہ میں مزید 20 فلسطینی شہید، خیموں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد شہید ہو گئے ہیں جن میں چھ معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق یہ حملے علی الصبح مختلف علاقوں پر کیے گئے۔ شاتی کیمپ میں کیے گئے ایک حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں ایک رہائشی گھر کو نشانہ بنایا گیا جہاں دو افراد شہید ہوئے۔ ادھر خان یونس میں بے گھر افراد کے خیمے پر ڈرون سے حملہ کیا گیا جس میں مزید دو افراد جان سے گئے۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بصل نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک حملہ آدھی رات کے بعد خان یونس کے ایک خیمہ بستی پر کیا گیا، جبکہ دوسرا حملہ کچھ دیر بعد شمالی غزہ میں واقع ایک کیمپ پر کیا گیا۔
غزہ میں شہادتوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، جبکہ علاقے کے مکینوں کو انسانی امداد، تحفظ اور طبی سہولیات تک رسائی میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
