واشنگٹن( نیوزایجنسیاں) غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ رکوانے کا ذکر کیا۔ٹرمپ نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ یہ دونوں ملک نہیں لڑ رہے تھے لیکن یہ واقعی لڑ رہے تھے۔ 11 جنگی جہاز گرائے گئے۔ بہت مہنگے جہاز۔۔۔۔‘اپنے خطاب میں ایک بار پھر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اجلاس میں شریک تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتا ہوں،پائیدار امن کیلئے بورڈ آف پیس اہم فورم ہے۔غزہ بورڈ آف پیس کا اجلاس ڈونلڈ ٹرمپ انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں ہوا۔ سعودی وزیر خارجہ، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیراعظم شہباز شریف ، انڈونیشیا،قطر، یواے ای ،آذربائیجان اور غزہ بورڈ آف پیس کے دیگر رکن ممالک بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افتتاحی خطاب میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک عظیم انسان، اعلیٰ سپہ سالار اور ٹف فائٹر ہیں۔ انہوں نے جنگ رکوانے اور لاکھوں زندگیاں بچانے پر میری تعریف کی تھی، وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کو بہت پسند کرتا ہوں۔ وہ بھی میری جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتے رہتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مارکوروبیو ،اسٹیو وٹکوف نے جیرڈکشنر نے غزہ کیلئے بہت کام کیا، بورڈ آف پیس میں بہت سے پیارے ملک شامل ہیں ، ہم سب قیام امن کیلئے کوششیں کررہے ہیں، ہمیں امن کیلئے مزید محنت سے کام کرنا ہوگا، اہداف کے حصول کیلئے بورڈ آف پیس کے علاوہ کوئی فورم نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں نویں جنگ بھی ختم کرانے کے قریب ہیں، کچھ جنگیں 35،کچھ 32سال سے جاری تھیں،دنیا میں امن سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدہ ہوا۔ان کا کہناتھا کہ میں نے پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ رکوائی، پاک بھارت جنگ میں 11طیارے گرائے گئے، پاکستان کے فیلڈ مارشل عظیم شخص ہیں، فیلڈ مارشل بہت بڑے فائٹر ہیں، میں شہبازشریف کو بہت پسند کرتا ہوں، جنگ کے دوران ڈیل کرانا مشکل کام ہوتا ہے، پاک بھارت جنگ کے دوران وزیراعظم شہباشریف سے تعلقات مضبوط ہوئے۔امریکی صدر کا کہناتھا کہ پاک بھارت جنگ میں بہت شدت آرہی تھی، میں نے اپنا کردار ادا کراتے ہوئے جنگ کو رکوایا، بھارتی وزیراعظم سے کہا جنگ نہ روکی تو بھاری ٹیرف لگاؤں گا۔







