غزہ امن معاہدہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں وزیراعظم پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں پوڈیم پر آنے کی دعوت دی اور شکریہ ادا کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ “میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ میرے پسندیدہ پاکستانی فیلڈ مارشل یہاں موجود نہیں لیکن وزیراعظم شہباز شریف موجود ہیں۔”
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن جدید تاریخ میں امن کے حوالے سے ایک یادگار سنگِ میل ہے۔ یہ کامیابی صدر ٹرمپ کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے عالمی سطح پر امن اور خوشحالی کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا تھا کیونکہ ان کی قیادت میں نہ صرف پاک بھارت کشیدگی کم ہوئی بلکہ فائر بندی بھی ممکن بنائی گئی۔ اب ایک بار پھر وہ صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے تجویز کرتے ہیں کیونکہ وہ دنیا میں امن کے سب سے مخلص اور بہترین نمائندہ ہیں
وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی کوششوں سے جنوبی ایشیا، مشرقی ایشیا اور اب مشرق وسطیٰ میں لاکھوں جانیں محفوظ ہوئی ہیں۔ غزہ میں حاصل ہونے والا امن پوری دنیا کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے۔
